Wednesday, May 22, 2024

پاکستان اور ازبکستان کے مشترکہ سکیورٹی کمیشن سے متعلق تاریخی پروٹوکول پر دستخط

پاکستان اور ازبکستان کے مشترکہ سکیورٹی کمیشن سے متعلق تاریخی پروٹوکول پر دستخط
November 2, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان اور ازبکستان نے مشترکہ سکیورٹی کمیشن سے متعلق تاریخی پروٹوکول پر دستخط کردئیے۔

مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف سے ازبکستان کے اسٹیٹ سکیورٹی سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل مخمودوف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، اقتصادی رابطے اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

اس موقع پر پاکستان اور ازبکستان نے مشترکہ سکیورٹی کمیشن سے متعلق تاریخی پروٹوکول پر دستخط بھی کئے۔ دوسری جانب پاکستان اور ازبکستان کے درمیان مشترکہ سکیورٹی کمیشن کا تاریخی پہلا اجلاس منعقد ہوا۔

مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ازبکستان کے مشیر قومی سلامتی کا دورہ پاکستان تاریخی ہے، پاکستان کا جغرافیہ بہت اہم ہے، ماضی میں ہم نے اپنے جغرافیہ سے فائدہ نہیں اٹھایا۔ ازبکستان، افغانستان، پاکستان راہداری نہایت اہم ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان اور ازبکستان کی پوزیشن افغانستان کے حوالے سے ایک ہے، ساری دنیا کو اس وقت افغان حکومت سے رابطہ قائم کرنا چاہیے، اگر دنیا نے تعمیری کردار ادا نہ کیا تو اس کے نتائج ٹھیک نہیں ہوں گے۔ افغانستان میں امن ہماری ضرورت ہے، یہ ایک سیاسی نہیں بلکہ انسانی معاملہ ہے۔