Thursday, April 25, 2024

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی بارش کی نذر

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی بارش کی نذر
November 3, 2019

 سڈنی (92 نیوز) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی بارش کی نذر ہو گیا۔ قومی شائقین بھی شکست سے بچنے کیلئے بادل برستے رہنے کیلئے دعا کرتے رہے۔

آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پہلے اوور میں ہی فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ 10 کے مجموعی اسکور پر حارث سہیل  بھی چار رنز بنا کر چلتے بنے۔

 کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ  بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 70 رنز تک پہنچا دیا۔ محمد رضوان 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

 پاکستان نے 12.4 اوورز میں تین  وکٹوں پر 88 رنز بنائے تھے کہ بارش آٹپکی جس کے باعث ایک گھنٹہ کھیل رکا رہا۔ بارش کی وجہ سے  میچ کو 15 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔

قومی ٹیم نے مقررہ 15 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 107 رنز بنائے اور ڈک ورتھ اینڈ لوئس میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو 119رنز کا ہدف ملا۔ پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم 59 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور کین رچرڈسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

 ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی اوپنرز نے دھواں دھار بیٹنگ شروع کی۔ محمد عرفان نے ایک اوور میں 26 رنز دے ڈالے۔ آسٹریلیا نے 3.1 اوورز میں 41 رنز بنائے کہ بارش نے ایک بار پھر رنگ میں بھنگ ڈال دیا  اور میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم کرنا پڑا۔

سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی 5 نومبر کو کینبرا میں  کھیلا جائے گا۔