Saturday, May 18, 2024

پاکستان اور آسٹریلیا دوطرفہ تعلقات کومضبوط بنانے پر رضامند

پاکستان اور آسٹریلیا دوطرفہ تعلقات کومضبوط بنانے پر رضامند
May 6, 2015
اسلام آباد(ویب ڈٰیسک)پاکستان اور آسٹریلیا دونوں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر رضامند ہوگئے،ان خیالات کا اظہار مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور پاکستان کے دورہ پر آئی آسٹریلوی وزیر خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ اس موقع پر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے ہائی لیول پر سیاسی اور سماجی تعلقات استوار ہونے چاہیں ،انہوں نے کہا کہ ہم پارلیمںٹیرین کے وفود کا تبادلہ بھی چاہتے ہیں ۔سرتاج عزیز کا کہناتھا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف آسٹریلیا کا رواں سال کے آخر میں یا اگلے سال کے شروع میں دورہ کرینگے ۔اسٹریلیا کی پاکستان کی ترقی میں مدد کی تعریف کرتے ہوئے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ ہم آسٹریلیا کالائیوسٹاک ،پانی کے ذخائراور سپورٹس اور کلچر کے شعبوں میں تعاون چاہتے ہیں ۔ مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آسٹریلیا دونوں  کودہشتگردی کے مسائل کا سامنا ہے، دونوں ممالک نے اس بات کا عزم کیا کہ وہ دہشت گردی اورانتہا پسندی کے خلاف لڑیں گے ۔آسٹریلوی وزیر خارجہ کا اس موقع پر کہناتھا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے بہت عرصے سےدوست ہیں اور اس دوستی کو مختلف فیلڈز میں بڑھانا چاہتے ہیں ۔جولی بشپ کا کہناتھا کہ ان کے ملک کے پاکستان کے ساتھ دفاع کے میدان میں بہت اہم تعلقات ہیں ہمیں دہشت گردی ،انسداد ڈرگز اور ییومن سمگلنگ کے ایک طرح کے مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا پاکستان کی ترقیاتی امداد کو بہت اہمیت دیتا ہے اور وہ اس مرتبہ اپنے دورے کے دوران پاکستان کی امداد کےلئے 24ملین آسٹریلوی ڈالر کی امداد کا اعلان بھی کرینگی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس مالی امداد سے علاقائی تجارت ،سرمایہ کاری اور سرحدی علاقوں کی بحالی کےلئے کام کریگا۔ انڈین نیوکلئر تعاون کے سوال پر آسٹریلین وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کا ملک توانائی کا گھر ہے اور وہ توانائی کو پوری دنیا میں برآمد کرنا چاہتاہے آسٹریلیا بھارت کو یورینیم بھی برآمد کریگا،اور موجودہ حالات میں آسٹریلیااور بھارت کےدرمیان ابھی تک اس ڈیل پر مذاکرات ہورہے ہیں ۔ مسئلہ کشمیر کے سوال پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اس مسئلہ کو تسلیم کرتے ہیں اور اب اس مسئلے کو حل ہونا چاہیے،ان کا کہنا تھا کہ ان کا ملک پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ آسٹریلوی وزیر خارجہ  وزیر اعظم نواز شریف اورآرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقاتوں کے بعد جمعرات کو وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سے بھی ملاقات کریگی۔