Sunday, May 12, 2024

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تعارفی سیشن ، ٹیکنیکل لیول کے مذاکرات کا آغاز

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تعارفی سیشن ، ٹیکنیکل لیول کے مذاکرات کا آغاز
February 3, 2020
 اسلام آباد (92 ونیوز) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان وزارت خزانہ میں تعارفی سیشن اور ٹیکنیکل لیول کے مذاکرات کا آغاز ہو گیا۔ آئی ایم ایف حکام 12 روز تک پاکستان میں قیام کریں گے۔ 6 ارب ڈالر قرض پروگرام میں ابتک 1 ارب 44 کروڑ ڈالر مل چکے ہیں۔ پینتالیس کروڑ ڈالر کی اگلی قسط حاصل کرنے کیلئے آئی ایم ایف کے ساتھ دوسرے جائزہ مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے۔ پہلے تکنیکی پھر پالیسی سطح پر بات چیت ہو گی ۔ جولائی تا دسمبر کے دوران ہونے والے معاشی اقدامات ،وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا۔ تعارفی سیشن کے بعد مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے میڈیا سے گفتگو میں مہنگائی میں کمی کی نوید سنا دی۔ عبدالحفیظ شیخ نے کہا سبزیوں کے داموں میں سیزن کی تبدیلیوں سے اضافہ ہوا، مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے گندم امپورٹ کر رہے ہیں۔ وفاقی حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ قوم دیکھے گی مہنگائی آہستہ آہستہ کم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ قرض پروگرام کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا پاکستان میں ڈالر کی قدر میں استحکام آیا ہے، پوری دنیا سے پاکستان میں سرمایہ کاری آرہی ہے، آئی ایم ایف کیساتھ ملکر احساس پروگرام کی فنڈنگ دگنی ہوئی ہے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری مذاکرات 13 فروری کو اختتام پذیر ہوں گے۔