Wednesday, April 24, 2024

پاکستان اور آئی ایم ایف اسٹاف سطح کے معاہدے پر متفق

پاکستان اور آئی ایم ایف اسٹاف سطح کے معاہدے پر متفق
November 22, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا۔

آئی ایم ایف نے چھٹے جائزے کے تحت مذاکرات کے بعد پاکستان کو اگلی قسط جاری کرنے کی سفارش کی ہے جس کے بعد رقم جاری کرنے کا فیصلہ آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ گرے گا، اس قسط کے اجراء سے پاکستان کو فراہم کردہ رقم مجموعی طور پر 3 ارب20  لاکھ 70 ہزار ڈالر ہو جائے گی۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ قرض پروگرام کی بحالی پیشگی شرائط پر عمل درآمد سے مشروط ہوگی، کرپشن کا خاتمہ، حکومتی اداروں کی استعداد، گورننس میں بہتری اور شفافیت کی ضرورت ہے۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھا۔ روپے کی قدر میں کمی آئی اور رواں سال جی ڈی پی گروتھ 4 فیصد سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ پاکستان نے جون تک کےکارکردگی اہداف بڑے مارجن سے پورے کرلیے۔ پا کستان پر عالمی سطح پر بڑھتی قیمتوں کا اثر پڑا، فیٹف پلان پر عمل درآمد ، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کی کارکردگی کی تعریف بھی کی گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک کو خود مختار کرنے کے بل کو سراہا گیا۔

دوسری جانب آئی ایم ایف نے قرض کی قسط کے لئے شرائط اور وارننگ بھی جاری کردی۔ آئی ایم ایف کے جائزہ میں کہا گیا ہے، مہنگائی، روپے کی گرتی قدر اور ایف بی آر محصولات کے معاملات پر مشکلات جاری رہ سکتی ہیں اور معاشی نمو 4 فیصد تک پہنچنے کا انتظار 2022 تک کرنا ہوگا، تاہم روپے کی قدر پر آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدرآمد جاری رکھنا ہوگا۔