Friday, April 26, 2024

پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی اعتماد اوراحترام پرمبنی تعلقات چاہتا ہے، شاہ ‏محمود قریشی

پاکستان امریکا کے ساتھ باہمی اعتماد اوراحترام پرمبنی تعلقات چاہتا ہے، شاہ ‏محمود قریشی
October 4, 2018
واشنگٹن ( 92 نیوز ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ سے باہمی اعتماد اوراحترام کی بنا پر دو طرفہ تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں ، باہمی تعلقات اور دو طرفہ رابطوں سے دونوں ملکوں کا فائدہ ہوا، ہمارا مشترکہ مفاد امن کا حصول ہے ،دونوں ملکوں کو مثبت پہلوؤں کی طرف بھی دیکھنا ہوگا، قیام امن کیلئے پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا جانا چاہئے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے ، پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں ، عالمی برادری کی جانب سے پاکستان کی قربانیوں کو سراہاجانا چاہئے ، ہم دہشتگردی کے سامنے کبھی ہتھیار نہیں ڈالیں گے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر تمام جماعتیں متفق ہیں ، دونوں ممالک کو ایک دوسرے پر اعتماد کرنا ہوگا، الزامات سے دو طرفہ تعلقات پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہیں اب بھی موجود ہیں ، پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے  ، مشرقی سرحد پر اشتعال انگیزی کے باوجود مغربی سرحد پر دولاکھ فوج تعینات کر رکھی ہے ، عالمی برادری کی جانب سے دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہا جانا چاہئے ۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں افغان پناہ گزینوں کی تعداد 27 لاکھ کے قریب ہے ، افغانستان میں منشیات کی پیداوار 87 فیصد ہے جو کہ پاکستان کیلئے تشویش کا باعث ہے ۔