Sunday, September 8, 2024

پاکستان الیون نے یوکے میڈیاالیون کیخلاف 133 رنز سے میدان مارلیا

پاکستان الیون نے یوکے میڈیاالیون کیخلاف 133 رنز سے میدان مارلیا
September 21, 2017

میران شاہ (92 نیوز) میران شاہ کی بہاریں لوٹ آئیں۔ شمالی وزیر ستان کی پرامن فضا کھیلے گئے واحد ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان الیون نے یوکے میڈیاالیون کیخلاف 133 رنز سے میدان مارلیا۔

شمالی وزیر ستان امن کا گہوارہ بن گیا۔ میران شاہ میں جشن کا سماں، ڈھول کی تھاپ پر لوگوں کا روائتی رقص۔

پاکستان الیون نے واحد ٹی ٹوئنٹی میں یوکے الیون کیخلاف133 رنز سے میدان مار لیا۔ تاریخی مقابلے کو دیکھنے کے لیے چھوٹے بڑے ہرعمر کے لوگ گراؤنڈ میں موجود تھے۔

 خیرسگالی میچ دیکھنے کیلئے ڈی جی آئی ایس پی آر کی خصوصی آمد بھی ہوئی۔ میچ سے قبل دونوں ٹیموں کیلئے ترانے بجائے گئے۔ پاکستان الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو 254 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔

یاسر حمید اور کامران اکمل نے پر اعتماد آغاز فراہم کیا۔ پہلی وکٹ یاسر حمید کی گری جو ایک شاٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

بعد میں کامران اکمل اور عمر امین نصف سنچریاں بنا کر ریٹائر ہوگئے۔ شاہد آفریدی نے روایتی انداز میں کھیلتے ہوئے 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

جواب میں مہمان ٹیم نے صرف 120 کے مجموعے پر گھٹنے ٹیک دیے۔ نثار آفریدی نے سب سے زیادہ ستر رنز جوڑے۔

میچ کے اختتام پر کھلاڑیوں نے گراؤنڈ کا چکر لگایا اور شائقین کا شکریہ ادا کیا تمام کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے گئے۔