Friday, April 19, 2024

پاکستان افغانستان میں قیام امن کی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا، منیر اکرم

پاکستان افغانستان میں قیام امن کی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا، منیر اکرم
November 28, 2019
نیو یارک ( 92 نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے جنرل اسمبلی میں افغانستان پر مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان نے ایک بار پھر افغانستان کے حوالے سے اپنے موقف کو عالمی سطح پر کھل کر بیان کر دیا، پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے جنرل اسمبلی میں افغانستان پر مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں خانہ جنگی اور عدم استحکام کا افغانیوں کے بعد سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا ہے۔ منیر اکرم کا کہنا تھا دونوں ممالک کے درمیان تاریخی مذہبی اور ثقافتی روابط ہیں ، پاکستان افغان امن کوششوں میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ منیر اکرم نے کہا کہ  افغانستان کے مسئلے کا حل فوج کشی میں نہیں بلکہ مذاکراتی عمل میں ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہے افغان طالبان اور امریکا میں مذاکرات کے بعد افغانستان میں تمام شراکت داروں کے مابین مذاکراتی عمل بھی جلد شروع ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی مصالحتی کوششوں کی امریکہ سمیت باقی دنیا نے بھی تعریف  کی ہے۔ افغانستان میں امن کے لیے تمام علاقائی طاقتوں کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے ۔