Saturday, May 11, 2024

پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے ، آرمی چیف

پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے ، آرمی چیف
July 30, 2021 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے۔

افغان صحافیوں کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے وفد سے گفتگو میں کہا پاک، افغان ثقافت، سماجی، عوامی روابط میں میڈیا پل کا کردار ادا کر سکتا ہے۔ امن دشمنوں کی نشاندہی، شکست دینا عوام اور میڈیا کی ذمہ داری ہے۔ پرامن افغانستان، پاکستان کی اولین خواہش ہے۔ پاکستان اور افغانستان کا امن ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے۔ امن دشمنوں کو افغان امن عمل سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا سرحدی سلامتی دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہے۔ افغانستان میں قیام امن خطے کی دیرپا ترقی کے لیے اہم ہے۔ امید ہے دونوں ممالک کے مابین مستقبل میں مزید دوروں کا تبادلہ ہو گا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق افغان صحافیوں نے تبادلہ خیال کا موقع دینے پر آرمی چیف سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا افغان عوام کے لیے پاکستان کی مخلصی اور کاوشوں پر شکر گزار ہیں۔ پاکستان کا افغان مہاجرین کی میزبانی، امن عمل میں کردار قابل قدر ہے۔