Wednesday, May 8, 2024

پاکستان افغانستان میں امن وخوشحالی چاہتا ہے ، شاہ محمود قریشی

پاکستان افغانستان میں امن وخوشحالی چاہتا ہے ، شاہ محمود قریشی
March 30, 2021

دو شنبے (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پا کستان افغانستان میں امن اور خوشحالی چاہتا ہے ، افغانستان میں تشدد کے بڑھتے واقعات پر تشویش ہے ۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، افغان امن عمل متاثر کرنیوالوں کے بارے میں آگاہ کرتے رہے ہیں ، پا کستان نے افغان امن عمل جاری رکھنے کیلئے کردار ادا کیا ۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ  امن عمل کے تمام اہم پہلوؤں پر تعمیری مذاکرات اور مشاورت ناگزیر ہوچکی ہے، افغانستان میں تشدد میں کمی کو یقینی بناتے ہوئے ترتیب کے ساتھ فوجی انخلاکیا جائے،اور جتنی جلدی ہوسکے جنگ بندی معاہدہ کیا جائے، امن عمل کو مسئلے کے مستقل حل میں تبدیل کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری افغانستان میں امن معاہدے کے بعد دی جانے والی امداد کو یقینی بنائے، کورونا وائرس کے باوجود ہم نے دوطرفہ اور ٹرانزٹ ٹریڈ کو ممکن بنانے کے لئے 5 باڈرکراسنگ پوائنٹس کو کھولا، ہم اس یقین کے ساتھ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔

ادھر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دوشنبے میں افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پاک افغان تعلقات، افغان امن عمل اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔ پاکستان خطے میں امن کیلئے کی جانیوالی کاوشوں میں شراکت دار ہے جس کے لئے افغانستان میں قیام امن کو ناگزیر سمجھتا ہے۔ افغانستان میں تشدد کے بڑھتے واقعات پر تشویش ہے۔ پاکستان جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے سیاسی حل کا حامی ہے۔