Friday, March 29, 2024

پاکستان، افغان امن عمل کی حمایت کرتا رہے گا : وزیراعظم نوازشریف

پاکستان، افغان امن عمل کی حمایت کرتا رہے گا : وزیراعظم نوازشریف
December 9, 2015
اسلام آباد (92نیوز) پانچویں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ افغانستان کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں۔ ہم افغانستان کی خود مختاری کا احترام کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف اور افغان صدر اشرف غنی نے پانچویں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہم افغانستان کو اپنا برادر ملک تسلیم کرتے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس کو اہمیت دیتا ہے۔ علامہ اقبال نے افغانستان کو ہارٹ آف ایشیا قرار دیا تھا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی ہم سب کی مشترکہ دشمن ہے اور اس سے نمٹنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ آپریشن ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان کے مثبت نتائج ملے اور ہم اپنی سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ افغان صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آپریشن سے بھی دہشت گرد افغانستان آئے تاہم اب سیاسی عمل کا حصہ بننے کے لیے تمام مسلح گروہوں کو ہتھیار پھینکنے ہوں گے۔ اس سے قبل افغان صدر اشرف غنی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کیلئے اسلام آباد پہنچے تو وزیر اعظم نواز شریف نے نور خان ایئر بیس پر ان کاپرتپاک استقبال کیا۔ افغان صدر اشرف غنی کو اکیس توپوں کی سلامی دی گئی اور مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی دی۔