Friday, May 17, 2024

پاکستان افغان امن عمل کا اہم کردار ہے ، شاہ محمود قریشی

پاکستان افغان امن عمل کا اہم کردار ہے ، شاہ محمود قریشی
February 8, 2019
 مانچسٹر (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان افغان امن عمل کا اہم کردار ہے۔ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی بات ہو یا افغان امن عمل کا تذکرہ، مسئلہ کشمیر ہو یا پاک افغان تعلقات ، امریکا کے طالبان سے مذاکرات کا معاملہ ہو یا پاکستان سے افغانستان مہاجرین کی واپسی کی بات ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سب واضح کر دیا۔ برطانیہ کے دورہ پر مانچسٹر میں موجود وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی دہشتگرد کلبھوشن نے پاکستان میں تخریب کاری کا اعتراف کیا، کلبھوشن کا مقدمہ 19 فروری کو عالمی عدالت انصاف میں پیش کیا جائے گا۔ وزیرخارجہ کہتے ہیں  برطانیہ کے دورے کا مقصد مسئلہ کشمیر اجاگر کرنا تھا ، برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے بھی مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی تائید کی ہے۔ افغان امن کے حوالے سے سوال پر وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان امن عمل کا اہم کردار ہے، پرامن افغانستان کے لیے کوشاں ہیں۔ شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے طالبان سے مذاکرات میں پاکستانی کردار کو سراہا ہے، افغان مہاجرین کی باعزت طریقے سے واپسی چاہتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے مانچسٹر میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں کہا کہ عوام نے موجودہ حکومت کو کرپشن ختم کرنے کا مینڈیٹ دیا ہے، 70 سال کا بگاڑ 6 ماہ میں درست کرنا ممکن نہیں۔