Sunday, September 8, 2024

پاکستان اسٹیل ملز کا آڈٹ شروع‘ انتظامیہ کو دو دن میں تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت

پاکستان اسٹیل ملز کا آڈٹ شروع‘ انتظامیہ کو دو دن میں تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت
March 17, 2016
کراچی (92نیوز) کمرشل آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پاکستان اسٹیل ملز کا آڈٹ شروع کردیا گیا۔ انتظامیہ سے دو دن میں تمام تفصیلات جمع کروانے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹیل ملز میں کرپشن اور غیرذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کے لیے آڈٹ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ کمرشل آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پاکستان اسٹیل مل کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام تر درکار تفصیلات اور ڈیٹا دو دن کے اندر جمع کرائیں۔ کمرشل آڈٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے لکھے گئے خط میں اسٹیل ملز انتظامیہ سے تمام اخراجات اور دیگر تفصیلات مانگی گئی ہیں۔ خط کے مطابق انتظامیہ مستقل ملازمین کا عہدوں کے ساتھ ڈیٹا فراہم کرے۔ جون 2015ءسے عارضی ملازمین کی تعداد بتائی جائے جبکہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کی بھی تفصیل بتائی جائے۔ جولائی تا دسمبر 2015ءتک ساڑھے اکتیس کروڑ روپے کے میڈیکل اخراجات کی تفصیل اور اسی عرصے میں یوٹیلیٹی چارجز میں ایک اعشاریہ چھ ارب روپے کے اخراجات کی معلومات دی جائیں۔ کمرشل آڈٹ ڈیپارٹمنٹ نے انتظامیہ سے 31 دسمبر 2015ءتک انوینٹری بھی طلب کر لی ہے۔ جولائی سے دسمبر 2015ءتک ہونے والی 3.3 ارب روپے کی فروخت کا مکمل حساب‘ خریداری پر خرچ ہونے والی 79 کروڑ10 لاکھ روپے کی تفصیل‘ لینداروں اور سپلائیرز کو دیے جانے والے 1.4 ارب روپے کی تفصیل اوراسٹیل ملز کے اسٹورزپر ہونے والے 31 کروڑ 30 لاکھ کے اخراجات کی معلومات بھی مانگی گئی ہیں۔