Tuesday, April 23, 2024

پاکستان اسٹاک مارکیٹ پر حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی سول لائنز میں درج

پاکستان اسٹاک مارکیٹ پر حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی سول لائنز میں  درج
June 30, 2020

کراچی ( 92 نیوز) پاکستان اسٹاک مارکیٹ پر حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی سول لائنز میں ایس ایچ او میٹھا در کی مدعیت درج کرلیا گیا۔

کاونٹر ٹیررازم  ڈیپارٹمنٹ سول لائنز میں درج مقدمے میں دہشتگردی قتل ،اقدام قتل اورپولیس مقابلہ سمیت دیگر دفعات شامل  کی گئی  ، مقدمے میں ایکسپلوزیو ایکٹ اور سندھ آرمرز ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

پولیس اور فورسز نےحملے کےماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں کی تلاش شروع کردی ہے ، سی سی ٹی وی فوٹیج کےمدد سے چیک کیاجارہاہےکہ دہشتگردکہاں سےآئے ، کون کون سہولت کار ہے۔

دوسری جانب  مارے جانےوالےدہشتگردوں کی لاشیں  ایدھی سردخانےمیں موجود ہیں اور کوئی لینے والا نہیں ہے۔

واضح رہےکہ چاردہشتگردوں نےگذشتہ روز اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی کوشش کی تھی ، تاہم  چاروں دہشتگرد عمارت میں داخل ہونےسے پہلے ہی مارے گئے تھے ، حملہ  میں ایک پولیس آفیسر اور تین سکیورٹی گارڈشہید ہوئے تھے۔

سکیورٹی فورسز کی جانب سے صرف 8 منٹ میں تمام چار دہشت گرد مارے گئے جبکہ سب انسپکٹر اور تین سکیورٹی گارڈ شہید ہوئے تھے۔

ادھر پاکستان اسٹاک ایکس چینج پر حملے کی ابتدائی رپورٹ مرتب کر لی گئی ، حملے میں استعمال گاڑی طارق روڈ کے قریب سے خریدنے کا انکشاف ہوا ہے ۔

مارے گئے دہشت گرد سلمان نے گاڑی 13لاکھ میں خریدی تھی ، دہشت گرد ممکنہ طور پر ضلع سینٹرل سے حملہ کرنے آئے تھے، دہشت گردوں سے 15 روسی ساختہ دستی بم اور 10 امریکن دستی بم ناکارہ کئے گئے۔