Friday, March 29, 2024

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے ٹریڈنگ کا عمل  تین مرتبہ معطل ہوا

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے ٹریڈنگ کا عمل  تین مرتبہ معطل ہوا
March 14, 2020
کراچی ( 92 نیوز) پاکستان اسٹاک مارکیٹ  میں رواں ہفتے مندی کے بادل چھائے رہے  ، مارکیٹ میں گراوٹ کی وجہ سے ٹریڈنگ 3 مرتبہ معطل کی گئی  اور  ہنڈرڈ انڈیکس میں  2 ہزار 100 سے زائد پوائنٹس کمی دیکھی گئی  جبکہ انٹربینک میں ڈالر ساڑھے 4 روپے سے زائد مہنگا ہوا ۔ کورونا وائرس   کا وار  پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ پر اثر دکھانے لگا، اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کا رجحان رہا ، کاروباری ہفتے کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس میں 2 ہزار 159 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی ، رواں ہفتے مارکیٹ میں 5 اعشاریہ 6 فیصد گراوٹ ریکارڈ کی گئی ۔ بحران کی لپیٹ میں آئی اسٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 36 ہزار 36 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا  جبکہ مسلسل گراوٹ کے باعث ایک ہفتے کے دوران 3 مرتبہ ٹریڈنگ معطل کی گئی اور مارکیٹ کیپٹلائزیشن 361 ارب روپے کمی سے 6 ہزار 795 ارب روپے رہ گئی ۔ معاشی گراوٹ کے اثرات ڈالر کی قیمت پر بھی پڑے ،  ایک ہفتے کے دوران انٹربینک میں ڈالر 4 روپے 71 پیسے مہنگا ہوکر  158 روپے 97 پیسے کی سطح پر بند ہوا   جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے 20 پیسے اضافے سے 156 روپے 50 پیسے کا ہوگیا  ۔