Thursday, September 19, 2024

پاکستان اسٹاک ایکسچینج : کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 32ہزار 442 پوائنٹس پر بند

پاکستان اسٹاک ایکسچینج : کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 32ہزار 442 پوائنٹس پر بند
March 6, 2016
کراچی (92نیوز) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ ہفتہ شیئر بازار کا کاروبار مثبت رہا۔ کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس اکتیس ہزار کی نفسیاتی حد کو توڑتے ہوئے 32 ہزار چار سو بیالیس پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے پہلے روز کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس 31 ہزار 294 پوائنٹس پر موجود تھا جو ہفتے کے اختتام پر گیارہ سو اڑتالیس پوائنٹس اضافے کے بعد 32 ہزار چار سو بیالیس پوائنٹس پربند ہوا۔ مارکیٹ سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت میں استحکام اور سیمنٹ کی برآمدات میں اضافہ کی وجہ سے مارکیٹ میں تیزی رہی۔ ہفتہ وار بنیاد پر مارکیٹ کیپٹل 215 ارب روپے بڑھ کر چھ ہزار 796 ارب پر آگیا۔ تیزی کے باوجود گزشتہ ہفتے مارکیٹ والیمومز میں 2.29 فیصد کی کمی ہوئی اور پورے ہفتے کے دوران روزانہ کی بنیاد پر13 کروڑ 50 لاکھ سے زائد حصص کی خرید و فروخت ہوئے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ تیل کی پیداوار میں کمی کے حوالے سے جاری تنازع کے حل سے مارکیٹ پر اچھا اثر کرے گا۔