Saturday, May 4, 2024

پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس 2 نفسیاتی حدیں عبور کر گیا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس 2 نفسیاتی حدیں عبور کر گیا
January 8, 2018

کراچی (92 نیوز) پاکستان اسٹاک ایکسچینج رواں سال کے پہلے ماہ کے پہلے ہفتے میں 100 انڈیکس 2 نفسیاتی حدیں عبور کر گیا۔ انڈیکس 42 ہزار 523 پوائنٹس پر بند ہوا۔
نئے سال کا سورج پاکستان اسٹاک ایکسچینج کیلئے ساز گار ثابت ہوا۔ پانچ روز میں تیزی جبکہ ہفتے کے آخری روز چھ سو پندرہ پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
گزشتہ برس انڈیکس میں تیرہ ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی تھی لیکن اس کے بر عکس سال کے آغاز پر سرمایہ کار امریکی صدر کے بیان کے بعد کشیدگی کو بھی خاطر میں نہ لائے۔
ادھر پچھلے ہفتے ایک ارب چھ کروڑ حصص کے سودے ہوئے جن کی مالیت بیالیس ارب پنتالیس کروڑ روپے رہی جبکہ ہفتے کے دوران مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں تین سو سولہ ارب کا اضافہ ہوا اور ہفتے کے اختتام پر مارکیٹ کیپٹلائزیشن 8887 ارب روپے رہی۔
دوسری طرف ہفتے بھر بیرونی سرمایہ کاروں نے اسٹاک مارکیٹ میں دو کروڑ انتیس لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری کی۔
مارکیٹ سے وابستہ افراد کہتے ہیں کہ مارکیٹ کا بیشتر انحصار آئل اینڈ گیس سیکڑ پر ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں اضافے سے سرمایہ کار، میوچل فنڈز سمیت دیگر انسٹیٹیوشنز اس سیکڑ میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
حکومت آئندہ بجٹ میں ٹیکسز کا بوجھ کم کر دے تو مارکیٹ نئے ریکارڈز بنا سکتی ہے۔