Thursday, May 9, 2024

پاکستان استحکام کی جانب گامزن، عظیم ملک بننے جا رہا ہے، وزیراعظم

پاکستان استحکام کی جانب گامزن، عظیم ملک بننے جا رہا ہے، وزیراعظم
January 9, 2020
اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان استحکام کی جانب گامزن ہے اور عظیم ملک بننے جا رہا ہے، وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان کامیاب پاکستان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک مشکل وقت سے نکل رہا ہے۔ وزیراعظم کا اسلام آباد کے جناح کنونشن سنٹر میں پروگرام لانچنگ میں کہنا تھا کہ انسان، ادارے اور قوم کی زندگی میں اچھا برا وقت آتا ہے۔ قوموں کی زندگی میں برا وقت آتا ہے تاکہ اصلاح کی جائے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں اللہ کی برکت نہیں آئی، ہمارا ملک فلاحی نہیں بنا، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار غریب طبقے کو اوپر لانے کے لیے 190 ارب روپے خرچ کیے، ہمارے ملک میں چھوٹا سا طبقہ امیر ہوتا گیا،باقی نیچے چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سردی میں لوگ سڑکوں پر سوتے تھے، ایک سال میں پنجاب میں 70 پناہ گاہیں بنائیں، اسلام آباد پولیس کو کہاہے کہ سڑکوں پر سونے والوں کو پناہ گاہ لے جائیں۔ وزیراعظم بولے کہ تنخواہ دار طبقے کےریلیف کےلیے یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے پیکیج دیا، یوٹیلیٹی اسٹورز پر عوام کو سستے داموں چیزیں ملیں گے، عمران خان کہتے ہیں کہ سب سے زیادہ خوشی ہیلتھ کارڈ جاری کرنے پر ہے، حکومت 60 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ دے چکی ہے، ایک گھر کو بیماری بالکل ہی غربت میں دھکیل دیتی ہے، کینسر کی بیماری کا شکار گھر، اپنا سب کچھ بیچ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیر اور غریب کےلیے ملک میں تعلیم کا دوہرا نظام ہے، غریب بستیوں میں لنگر بھی کھول رہے ہیں، کوشش ہے کہ غریب بھوکے نہ سوئیں، 2020 میں ہم نے لوگوں کو روز گار دینا ہے، روز گار کےلیے سب سے بڑا پروگرام 50 لاکھ گھروں کا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پہلی بار تنخواہ دار طبقے کو گھر بنانے کے لیے بینک سے قرضے ملیں گے، امید ہے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ اسی ہفتے کیس کلیئر کردیں گے۔ ہاؤسنگ پراجیکٹ سے 40 انڈسٹریز چل پڑیں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بند صنعتوں کے لیے بھی پروگرام لا رہے ہیں، پاکستان کے پاس ا ثاثے ہیں جو ابھی تک استعمال نہیں ہوئے، پاکستان کے پاس زرخیز زمین ہے، پانی کا درست استعمال اور جدید ٹیکنالوجی سے پیدا وار دگنی کرسکتے ہیں۔ عمران خان کہتے ہیں انڈسٹریز چلیں گی تو بے روزگاری میں کمی ہوگی، ہم نے نوجوانوں کو ہنر اور نوکریاں دینی ہیں، نوجوانوں کو پہلی دفعہ حقیقی معنوں میں قوم کا اثاثہ بنانے جارہے ہیں، پاکستان دنیا میں مثال بنے گا اور لیڈ کرے گا۔ وزیراعظم بولے کہ پہلے ہم دوسروں کی جنگوں میں شرکت کرتے رہے، پاکستان اب کسی اور کی جنگ میں شرکت نہیں کرے گا، پاکستان وہ ملک بنے گا جو دنیا میں امن پیدا کرے گا۔ ہماری سب سے بڑی کوشش ہوگی کہ ایران اور امریکا میں دوستی کرائی جائے، جنگ کوئی نہیں جیت سکتا، جو جیتتا ہے وہ بھی ہار جاتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان نے افغانستان کی جنگ میں شرکت کرکے سب سے بڑی غلطی کی تھی، ڈونلڈ ٹرمپ سے ہم نے کہا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان ہم دوستی کےلیے تیار ہیں۔ پاکستان اب امن والا ملک بنے گا اور دوسرے ملکوں کو اکٹھا کرے گا۔