Wednesday, April 24, 2024

پاکستان اب سرمایہ کاروں کیلئے محفوظ ہے ، عمران خان

پاکستان اب سرمایہ کاروں کیلئے محفوظ ہے ، عمران خان
October 23, 2018
ریاض (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اب سرمایہ کاروں کیلئے محفوظ ہے۔ سعودی عرب میں عالمی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پچھلے دس سالوں میں ہم سرمایہ کاروں کو بہتر ماحول مہیا نہیں کر سکے لیکن پاکستان اب سرمایہ کاروں کیلئے محفوظ ہے۔ پاک فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی کاوشوں کی بدولت پاکستان نے دہشتگردی پر قابو پالیا ہے۔ مسلح افواج کے تعاون سے دہشتگردی کا خاتمہ ہوا۔  سی پیک میں پاکستان کیلئے بہتر مواقع ہیں۔ میں اگلے ماہ چین جا رہا ہوں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ منی لانڈرنگ ترقی پذیر ممالک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ کرپٹ حکمران انسانی ترقی نہیں، بڑے منصوبوں پر خرچ کرتے ہیں اور کرپشن کر کے ملک کو کھوکھلا کرتے ہیں۔ ہمیں کرپشن پر قابو پانے کیلئے اپنے اداروں کو مضبوط کرنا ہو گا۔ پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج ہے کہ ہم اپنے اداروں کو کیسے مضبوط بناتے ہیں۔ ریاستی اداروں کی مضبوطی کیلئے قانون کی بالادستی بہت ضروری ہے۔ منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات کررہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ہمیں فوری طور پر کرنٹ خسارے کے مسئلے کا سامنا ہے۔ ہمیں برآمدات بڑھانی ہیں تاکہ زرمبادلہ بڑھا یا جا سکے۔ تجارتی خسارے پر قابو پانے کیلئے آئی ایم ایف اور دوست ممالک سے قرضوں کی بات کررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کیلئے بڑا چیلنج ہے۔ سرمایہ کاروں کیلئے بہتر ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ معاشی مسائل سے چھٹکارے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 8 سے 9 ملین پاکستانی بیرون ملک کام کر رہے ہیں۔ پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ نوجوان ہیں۔ پاکستان زرخیز ممالک اور معدنیات کی فہرست میں سب سے آگے ہے۔ سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان آنے کا یہ بہترین وقت ہے۔ عمران خان نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی کی ہے۔ ہماری حکومت اب آئی ٹی سیکٹر پر بھی توجہ سے رہی ہے۔ ہماری حکومت کی ترجیح ہے کے ہم خواتین کی تعلیم پر بھی وجہ دیں۔ پاکستان میں تعلیم نسواں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد اسلامی ریاست پر مبنی ہے۔ نئے پاکستان کا مقصد اپنی اصل بنیادوں پر واپس جانا ہے۔ پاکستان کو ایک آئیڈیل مسلم ریاست بنانا ہے۔ نیا پاکستان قائد اعظم کے اصولوں کے مطابق بنانا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کیلئے افغانستان میں امن بہت ضروری ہے۔ وزیر اعظم نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے بھی ملاقات کی ، دونوں رہنماؤں میں باہمی دلچسپی کےامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔