Friday, May 17, 2024

پاکستان آرمی ایکٹ ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش

پاکستان آرمی ایکٹ ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش
January 3, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان آرمی ایکٹ ترمیمی بل قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا۔ اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک نے آرمی ترمیمی ایکٹ بل 2020، پاکستان ایئر فورس ترمیمی ایکٹ 2020 اورپاکستان بحریہ ترمیمی ایکٹ 2020 قومی اسمبلی میں پیش کئے جس کے بعد اجلاس کل صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ اس سے قبل  وزیر دفاع پرویز خٹک کی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی برائے امور قانون سازی کا اجلاس ہوا جس میں پاک افواج سے متعلق تین ایکٹس میں ترامیم کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں آرمی ایکٹ کو قومی اسمبلی میں پیش کرنے اور قائمہ کمیٹی برائے دفاع کو بھی بھیجنے پر اتفاق کیا گیا۔ پارلیمنٹ کی مشاورتی قانونی کمیٹی اجلاس کے بعد صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے  خواجہ آصف نے نوازشریف کے خط سے متعلق خبروں کے تردید کر دی۔ ’پاکستان آرمی ایکٹ ترمیمی بل 2020‘ میں آرمی چیف اورچیئرمین جوائنٹ چیفس کی مدتِ ملازمت 3 سال تجویز کی گئی ہے۔ ہنگامی حالات اور وسیع تر قومی مفاد میں 3 سال کی توسیع کی جاسکے گی۔ وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت تعیناتی کریں گے۔ آرمی چیف پر ملازمت کی مدت یاریٹائرمنٹ کے قوانین کا اطلاق نہیں ہو گا۔ آرمی چیف کی تعیناتی، دوبارہ تعیناتی یا توسیع کسی عدالت میں چیلنج نہیں ہو سکے گی۔