Thursday, May 2, 2024

پاکستان آرمی ائیر ڈیفنس کا کراچی فائرنگ رینج میں فائر پاور کا شاندار مظاہرہ

پاکستان آرمی ائیر ڈیفنس کا کراچی فائرنگ رینج میں فائر پاور کا شاندار مظاہرہ
January 10, 2019
راولپنڈی (92 نیوز) پاکستان آرمی ائیر ڈیفنس نے کراچی فائرنگ رینج میں فائر پاور کا شاندار مظاہرہ کیا۔ دو ہفتوں پر محیط البیضہ 2019ء مشقیں اختتام پذیر ہو گئیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور ائیر چیف نے فائر پاور کا مظاہرہ دیکھا۔ مشقوں کی خصوصیت حال ہی میں شامل کیے گئے ایل وائی 80 فضائی دفاعی نظام کی میزائل فائرنگ تھی۔ ایل وائی 80 فضائی دفاعی نظام طویل فاصلے تک مار کرنے والا میزائل نظام ہے۔ ایل وائی 80 کی شمولیت سے ملکی دفاع مضبوط، تہہ در تہہ جامع اور مزید مہلک ہو گیا ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے افسران اور جوانوں سے ملاقات میں آرمی ائیر ڈیفنس کی کارکردگی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایل وائی 80 میزائل نظام نے فضائی دفاع کی صلاحیت کو مزید وسعت دی ہے۔ اس سے پاک فضائیہ سمیت قومی سطح پر دفاعی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے بھی ایل وائی 80 میزائل نظام کی پاک آرمی میں شمولیت پر مبارکباد دی۔ اُنہوں نے کہا کہ ایل وائی 80 میزائل نظام نے پاکستان کی مجموعی فضائی دفاعی استعداد کار میں اضافہ کیا ہے۔  کور کمانڈر کراچی، کمانڈر آرمی ائیر ڈیفنس کمانڈ نے فائر پاور کے شاندار مظاہرے کا مشاہدہ کیا۔