Friday, March 29, 2024

پاکستان آج کورنا سے 46 اموات ہوئیں ، 1932 نئے کیسز ریکارڈ

پاکستان آج کورنا سے 46 اموات ہوئیں ، 1932 نئے کیسز ریکارڈ
May 20, 2020

اسلام آباد  ( 92 نیوز)  لاک ڈاؤن کیا کھلا، پاکستانی ایس او پیز کو پاؤں تلے روندتے ہوئے بازاروں میں نکل پڑے ۔ چھوٹےبڑے بازار خریداروں سے کھچا کھچ بھرے نظر آرہے ہیں اور جو چیزنظر نہیں آرہی ہےوہ ہے احتیاط ،عوام کی بے احتیاطی انتہا کو پہنچ چکی ہے جس کا نتیجہ تباہی کی صورت میں سامنے آرہا ہے۔

پاکستان میں آج اب تک کی سب سےزیادہ 46اموات ہوئیں جبکہ 1932کیسز ریکارڈ ہوئے ، صرف کراچی میں ایک دن کےدوران سامنے  آنے والے کیسز پنجاب سے تجاوز کرگئے۔پنجاب میں 709جبکہ کراچی میں 813نئے کیسز سامنے آئے۔گوجرانوالہ سے تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی شاہین رضا اور بلوچستان سے رکن اسمبلی سید فضل آغا کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔

کورونا وائرس کنٹرول سے باہر ہونے لگا، ایک ہی دن میں46 افراد جان سے گئے جس کے بعد اموات 985 ہوگئیں، مزید 1932 کیسز ریکارڈ ہوئے جس سے متاثرین کی تعداد 45 ہزار898 تک جاپہنچی۔

کورونا کے باعث پی ٹی آئی کی ایم پی اے شاہین رضا دم توڑ گئیں،وہ میواسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھیں، گوجرانوالہ میں سپردخاک کردیا گیا،وزیراعظم،گورنراور وزیراعلیٰ،حکومتی شخصیات اور پی ٹی آئی رہنماؤں نے اظہار افسوس کیا۔

ایک دن میں کراچی میں سامنے  آنے والے کیسز پنجاب سے تجاوز کرگئے، 24 گھنٹے میں813 نئے کیسز سامنے آگئے جبکہ پنجاب میں 709 کیسز سامنے   آئے،سندھ میں24 گھنٹے کے دوران کیسز  کی تعداد 1017 ہوگئی۔

کراچی کی سنٹرل جیل  میں 283 قیدیوں میں بھی کورنا کی تصدیق ہوگئی،جیل کے ڈی ایس پی سمیت دیگر 11 اہلکار بھی کرونا کا شکار ہوگئے، انتظامیہ کے مطابق قیدیوں کو علیحدہ وارڈز میں رکھا جا رہا ہے ۔

پنجاب  میں 16ہزار 685 ، خیبرپختونخوا میں 6 ہزار 554، بلوچستان میں 2 ہزار 885، گلگت بلتستان میں 556،اسلام آباد میں 1ہزار 138 اور آزادکشمیر میں 133 کورونا کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں ۔

اب تک خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ اموات 345 ریکارڈ کی گئیں، سندھ میں 299، پنجاب 289، گلگت بلتستان میں 4، بلوچستان میں 38 افراد اور اسلام آباد میں 9 افراد جاں بحق ہوئے ، 344 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے نائنٹی ٹو نیوز کی افطار ٹرانسمیشن کے دوران کہا عید کے بعد ایک سے ڈیڑھ ہفتے میں کورونا وائرس کے باعث اموات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا کہنا ہے ملک بھر میں 4 لاکھ 14ہزار 254 افراد کے ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں، 24 گھنٹے کے دوران 13 ہزار 962 ٹیسٹ کیے گئے۔