Friday, April 19, 2024

مصباح الحق اور اظہر علی کے بعد آج سرفراز احمد کا امتحان

مصباح الحق اور اظہر علی کے بعد آج سرفراز احمد کا امتحان
September 7, 2016
مانچسٹر (ویب ڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا واحد ٹی ٹوینٹی میچ آج کھیلا جائے گا۔ قومی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کے بعد اب میدان سجے گا ٹی ٹوینٹی کا۔ مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ سٹیڈیم میں میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے دس بجے شروع ہو گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کے مقابلے کا امکان ہے کیونکہ دونوں ٹیمیں اس فارمیٹ میں مہارت رکھتی ہیں۔ پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے جی جان کی بازی لگانا ہو گی۔ تیرہ رکنی قومی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جبکہ خالد لطیف اور شرجیل خان ممکنہ طور پر اوپننگ بلے باز ہوں گے۔ شعیب ملک، محمد رضوان اور بابر اعظم مڈل آرڈر کا کردار ادا کریں گے۔ ٹیم میں محمد نواز، عماد وسیم، سہیل تنویر اور عماد بٹ بطور آل راونڈر شامل کئے گئے ہیں۔ محمد عامر، وہاب ریاض اور محمد عرفان پیس اٹیک کو سنبھالیں گے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اب تک ہونے والے ٹی ٹوینٹی میچز میں جیت کے حوالے سے انگلش ٹیم کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین 2006ءسے لے کر 2015ءتک 13 ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے گئے جس میں سے قومی ٹیم نے تین میچز میں کامیابی حاصل کی‘ انگلش ٹیم نے 9 میچز جیتے جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ گوروں کی سرزمین پر دونوں ٹیموں کے مابین اب تک چار ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے گئے ہیں۔ ایک میں پاکستان نے فتح حاصل کی جبکہ انگلینڈ کی ٹیم تین ٹی ٹوینٹی میچز میں کامیاب رہی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ موجودہ سریز کا واحد ٹی ٹوینٹی میچ کون جیتے گا۔