Thursday, April 25, 2024

پاکستان آئندہ برس کے لیے گروپ 77 کا سربراہ منتخب

پاکستان آئندہ برس کے لیے گروپ 77 کا سربراہ منتخب
December 1, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان آئندہ برس کے لیے گروپ 77 کا سربراہ منتخب ہو گیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے جی 77 کے سالانہ وزارتی اجلاس سے ورچوئل خطاب میں رکن ممالک اور چین کا گروپ کی قیادت کے لیے پاکستان پر اعتماد کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا دنیا کو کورونا وباء اور موسمیاتی تبدیلی کا چیلنج درپیش ہے۔ پائیدار ترقی کے اقوام متحدہ ایجنڈے 2030ء پر عملدرآمد کا بھی ایک چیلنج ہے۔ ترقی پذیر ممالک پر ان چیلنجز کے باعث گہرے اثرات مرتب ہوئے۔ ترقی پذیر ممالک کو اقوام متحدہ 2030ء اہداف کے حصول کے لیے "مشترکہ ترقیاتی ایجنڈا" اپنانا ہو گا۔

 شاہ محمود قریشی نے کہا دنیا کو قرضوں کی تنظیم نو، ترقی پذیر ممالک کو 650 ارب ڈالر فنڈز فراہم کرنا ہوں گے۔ ترقی یافتہ ممالک کو رعایتی اور 100 ارب ڈالر کے سالانہ موسمیاتی مالیاتی وسائل متحرک کرنا ہوں گے۔ ترقی پذیر ممالک سے اربوں کے غیر قانونی مالیاتی بہاؤ کو ختم کرنا ہو گا۔ ترقی پذیر ممالک کو بحران سے نکالنے کے لیے چوری شدہ اثاثے واپس کرنا ہوں گے۔ منصفانہ اور کھلا تجارتی اور بین الاقوامی ٹیکس نظام تشکیل دینا ہو گا۔