Sunday, May 12, 2024

پاک، چین مضبوط تعلقات ہر مشکل میں پرعزم ثابت ہوئے، آرمی چیف

پاک، چین مضبوط تعلقات ہر مشکل میں پرعزم ثابت ہوئے، آرمی چیف
July 30, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی 94 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان اور چین کا ہر مشکل میں شانہ بشانہ کھڑے رہنے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ آرمی چیف کہتے ہیں پاک، چین شراکت داری سلامتی کی بدلتی صورتحال اور علاقائی امن و استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے، ہمارے تعلقات ہمارے مشترکہ مفادات کے تحفظ میں کردار ادا کرتے رہیں گے۔

چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی 94 ویں سالگرہ کی جنرل ہیڈکوارٹرز میں تقریب ہوئی، آرمی چیف مہمان خصوصی تھے۔ چینی سفیر، دفاعی اتاشی، حکام اور پاکستانی تینوں مسلح افواج کے افسران کی تقریب میں شرکت کی۔

پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سپہ سالار نے چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی قیادت کو مبارکباد دی اور دفاع، سلامتی اور قومی تعمیر میں کردار کو سراہا۔

آرمی چیف نے دونوں ریاستوں، افواج، عوام کے گہرے تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاک، چین منفرد اور مضبوط تعلقات ہر مشکل میں پرعزم ثابت ہوئے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کہتے ہیں پاک، چین شراکت داری سلامتی کی بدلتی صورتحال اور علاقائی امن و استحکام کے لیے انتہائی اہم ہے. ہمارا ماضی اور حال شاہد ہے کہ ہم ہمیشہ مشکلات میں ثابت قدم رہے۔ پاک آرمی اور پیپلز لبریشن آرمی مشکل وقت کے بھائی ہیں، ہمارے تعلقات ہمارے مشترکہ مفادات کے تحفظ میں کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چینی دفاعی اتاشی میجر جنرل چن وین رونگ نے تقریب کے انعقاد پر آرمی چیف سے اظہار تشکر کیا۔ چینی صدر شی جن پنگ کا بیان دوہرایا، کہا پاکستانی مسلح افواج پاک، چین تعلقات کا کلیدی ستون ہیں۔ دونوں ممالک آہنی بھائی، ہر مشکل کے ساتھی، تذویراتی شراکت دار ہیں۔ دنیا کتنی ہی تبدیل کیوں نہ ہو جائے، ہم شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پاکستان اور چین سالمیت، خودمختاری، علاقائی امن و استحکام کے تحفظ کے لیے باہم متحد ہیں۔