Thursday, May 9, 2024

پاک چین مشترکہ بحری مشق سی گارڈینز 2020 کا کراچی میں کامیاب اختتام

پاک چین مشترکہ بحری مشق سی گارڈینز 2020 کا کراچی میں کامیاب اختتام
January 14, 2020
 کراچی (92 نیوز) پاکستان اور چینی بحریہ کے مابین جاری دوطرفہ مشق سی گارڈینز 2020 کی پر وقار اختتامی تقریب آج پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر چینی بحریہ کی جنوبی تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی کمانڈر وائس ایڈمرل ڈانگ ژن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل آصف خالق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کے دوران وائس ایڈمرل آصف خالق نے مشق سی گارڈینز  2020 میں شرکت اور تعاون کے لئے چینی جنوبی تھیٹر کمانڈ کا شکریہ ادا کیا ۔ علاوازیں انہوں نے دونوں ممالک بالخصوص دونوں بحری افواج کے مابین باہمی تعاون پر مبنی دیرینہ تعلقات کا بھی ذکر کیا۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے مشق سی گارڈینز 2020 کے دوران پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے اظہار پر اپنے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشق دونوں بحری افواج کے لئے ایک دوسرے سے سیکھنے اور دو طرفہ پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے میں نہایت مفید ثابت ہوئی جس سے خطے میں محفوظ میری ٹائم ماحول کے قیام میں مدد ملے گی ۔ قبل ازیں وائس ایڈمرل ڈانگ ژن نے بحری مشق سی گارڈینز کے دوران چینی بحریہ کے بحری جہازوں اور عملے کی بہترین مہمان نوازی پر پاکستان بحریہ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس مشق سے دونوں ممالک کے مابین قائم دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی جس سے دونوں ممالک اور خاص طور پر دونوں بحری افواج کو فائدہ ہو گا۔ ایڈمرل نے اس دوران مشق کے خاتمے کا باضابطہ اعلان بھی کیا۔ مشق کے دوران پاکستان اور چینی بحریہ کی جنوبی تھیٹر کمانڈ کے جہازوں پر مشتمل بیڑے اور میرین فورسز کے اہلکاروں نے بحیرہ عرب میں مختلف بحری مشقوں کا کامیاب مظاہرہ کیا۔ مشق کے ہاربر اور سی فیز کے دوران دونوں ممالک کی بحری افواج کے اعلی عہدیداران نے مختلف سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔ مشق سی گارڈینز 2020 نو روز پر محیط تھی ۔ اس مشق کے انعقاد کا مقصد معاصر اور غیر روایتی خطرات سے پیشہ ورانہ طریقوں سے نمٹنے کے لئے باہمی تعاون کا فروغ تھا۔ مشق کی اختتامی تقریب میں دونوں بحری افواج سے تعلق رکھنے والے متعدد حکام شریک تھے۔