Thursday, April 25, 2024

پاک چین تعلقات کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہوسکتی ، عمران خان

پاک چین تعلقات کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہوسکتی ، عمران خان
November 23, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا پاک چین تعلقات کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ چینی قونصل خانے پر حملے کی ابتدائی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی گئی۔ چار نئی ٹرینوں کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا دہشت گرد آگے بھی جو کوشش کریں گے ہم ان کیلئے تیار ہیں۔ پتہ ہے یہ بیرونی ایجندے پر آئے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے انکشاف کیا کہ معلوم تھا، حملے ہوں گے، لیکن کب کہاں، اس کا علم نہیں تھا۔ کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملہ سی پیک کیخلاف سازش قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں واقعات کی تحقیقات کا حکم دیا اور واضح کیا، کوئی شک میں نہ رہے دہشتگردوں کو ہر قیمت پر کچل دیا جائے گا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حملوں کو بزدلانہ اقدام قرار دیا۔ وزیر اطلاعات نے حملوں کے پیچھے چھپی قوتوں کو بے نقاب کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ صدر مملکت، اپوزیشن لیڈر، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سمیت سیاسی اور مذہبی رہنماوں نے حملوں کی مذمت کی۔