Saturday, May 18, 2024

پاک چین اکنامک کوریڈور : پنجاب پولیس کوجدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ

پاک چین اکنامک کوریڈور : پنجاب پولیس کوجدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ
January 5, 2016
لاہور (92نیوز) پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کیلئے کام کرنیوالے چینی انجینئرز و دیگر باشندوں کی حفاظت کیلئے پنجاب پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ جدید اسلحہ‘ 28بکتر بند گاڑیاں خریدنے کے سا تھ 3708افسران و اہلکار بھرتی کئے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاک چین اکنامک کوریڈور منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ہزاروں چینی انجینئرز کئی سال تک پاکستان میں فرائض سرانجام دینگے۔ پنجاب حکومت نے ان کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کی تیاری کر لی ہے۔ صوبے کی پولیس کو جدید اسلحہ سے لیس کرنے کے ساتھ28 بکتر بند گاڑیاں خریدی جائیں گی جس کیلئے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا سے بات کی گئی ہے۔ ہیوی انڈسٹریزنے ایک گاڑی کیلئے چھ کروڑمانگنے کے علاوہ ایک سال میں اتنی تعداد میں بکتر بند گاڑیاں فراہم کرنے سے معذرت کر لی ہے جس کے بعد لیول ٹو کی 15گاڑیاں فرانس سے خریدنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ فرانس سے فی گاڑی پونے دو کروڑ روپے میں ملے گی۔ پولیس کو جدید واٹر باوزرز‘ فلیشنگ لائٹس‘ سائرنز، وائرلیس مائیک بھی دیے جائیں گے جو ایک ترک کمپنی فراہم کرے گی۔ پاک چین منصوبوں کی حفاظت کیلئے 3708افسران و اہلکار بھرتی کئے جائیں گے جبکہ 24افسران و پولیس اہلکار16مختلف منصوبوں پر پہلے ڈیوٹی دے رہے ہیں جنہیں تین تین ماہ کے کورس بھی کرائے جارہے ہیں۔