Wednesday, May 8, 2024

پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف بھارتی حکومت کھل کر سامنے آگئی،منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے ہاتھ پاؤں مارنے شروع کردیے

پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف بھارتی حکومت کھل کر سامنے آگئی،منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے ہاتھ پاؤں مارنے شروع کردیے
June 1, 2015
نئی دہلی(92نیوز)بھارت پاک چین اقتصادی راہداری کو روکنے کیلئے کھل کر سامنے آگیا،منصوبے کو سازشوں اور دہشتگردی کے ذریعے ناکام بنانے کی ڈھکی چھپی کوششوں کے  بعد سفارتی سطح پر محاذ کھول لیا،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو ناقابل قبول قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کا معاملہ چینی صدر شی چن پنگ کے ساتھ ملاقات میں اٹھایا اور منصوبے کو ناقابل قبول قرار دیا۔ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے نئی دہلی میں پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارتی حکومت نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر چینی سفیر کو طلب کرکے احتجاج کیا،بیجنگ میں تعینات بھارتی سفیر نے بھی چینی وزارت خارجہ کے سامنے معاملہ اٹھایاہے . سشما سوراج نے دعویٰ کیا کہ نریندر مودی نے چین کے دورہ میں اقتصادی راہداری منصوبے کے معاملے پر سخت موقف اپنایا،چینی ہم منصب کو واضح بتایا کہ آزاد کشمیر کے راستے اقتصادی راہداری کا منصوبہ بھارت کیلئے قابل قبول نہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی مخالفت میں بھارتی وزیر خارجہ کا بیان اچنبھے کی بات نہیں،منصوبے کو ناکام بنانے کیلئے بھارت مسلسل دہشتگردی کا سہارا  بھی لے رہا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے بھارتی دہشتگردی کے ٹھوس شواہد عالمی برادری کے سامنے پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے،مشیر خارجہ سرتاج عزیز جلد امریکہ کا دورہ کرکے بھارتی دہشتگردی کے شواہد پیش کریں گے۔