Tuesday, May 14, 2024

پاک چین اقتصادی راہداری خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گی، ترقیاتی منصوبوں سے قومی ورثے کو نقصان نہیں پہنچے دینگے: نوازشریف

پاک چین اقتصادی راہداری خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گی، ترقیاتی منصوبوں سے قومی ورثے کو نقصان نہیں پہنچے دینگے: نوازشریف
November 3, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گی۔ ترقیاتی منصوبوں سے قومی ورثے کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے۔ وزیراعظم نے زلزلہ سے متاثرہ افراد میں امدادی رقوم کے چیک بھی تقسیم کئے۔ پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق وزیراعظم کی زیرصدارت جائزہ اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ وزیر ترقی ومنصوبہ بندی احسن اقبال نے شرکا کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ منصوبوں میں شفافیت کو برقرار رکھا جائے گا اور اس کی تکمیل سے خطے میں ترقی آئے گی۔ چین پاکستان کا دوست اور منصوبوں میں شراکت دار ہے۔ چینی کارکنوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ لاہور کے اورنج لائن منصوبے سے متعلق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے سے قومی ورثے کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے۔ چوبرجی ہمارا قومی اثاثہ ہے جس کا تحفظ حکومت یقینی بنائے گی۔ اجلاس کے بعد وزیراعظم نے لوئر دیر اور باجوڑ میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ انجنیئر امیر مقام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت امدادی رقوم کی بروقت ادائیگی یقینی بنائی گی۔ وزیراعظم نوازشریف نے امدادی کارروائیوں اور بحالی کے کاموں میں بھرپور حصہ لینے پر پاک فوج اور خیبرپختونخوا حکومت کے اقدامات کو بھی سراہا۔