Friday, May 17, 2024

پاک چین اقتصادی راہداری بھارتی سلامتی کیلئے چیلنج ہے، انڈین آرمی چیف

پاک چین اقتصادی راہداری بھارتی سلامتی کیلئے چیلنج ہے، انڈین آرمی چیف
August 27, 2017

نئی دہلی (92 نیوز) بھارتی آرمی چیف نے چین پر الزامات لگاتے ہوئےسی پیک کیخلاف بھی زہر اگل دیا۔ جنرل بپن کہتے ہیں علاقے کی سلامتی کی صورتحال میں چین مسلسل اپنا دبدبہ بڑھانے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نےاقتصادی راہداری کو خود مختاری کیلئے چیلنج بھی قراردیا اور پاکستان پر پراکسی وار کے الزامات بھی دھر دیئے۔

چین اور بھارت کے درمیان سرحدی تنازع پر انڈین آرمی چیف بھی بول پڑے۔ کہتے ہیں چین انڈيا کے ساتھ اپنی سرحد پر صورت حال کو تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے اورآج ڈوکلام میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے یہ اسی کا نتیجہ ہے۔

بھارتی شہر پونے میں ہونے والی ایک تقریب سے خطاب میں جنرل بپن نے کہا چین کے ساتھ تنازع تو ہوسکتا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ بین الاقوامی تعلقات مکمل طور پر ختم ہو جائیں گے۔

جنرل بپن کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں ڈوکلام جیسے واقعات میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ تاہم سرحد پر ہونے والی ہاتھا پائی کے حوالے سے انہوں نے کہا ایسے مسائل کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لیے ایک مشترکہ نظام پہلے سے موجود ہے۔

جنرل راوت کے الفاظ تھےکہ پڑوس کے ممالک خاص کر پاکستان، مالدیپ اور میانمار میں چین دفاع اور معاشی شراکت داری بڑھا رہا ہے۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے چين کا اقتصادی راہداری گزارنا بھی انڈيا کی خودمختاری کو ایک چیلنج ہے۔

اپنے خطاب میں جنرل راوت نےمقبوضہ کشمیر کابھی ذکرکیاتوپاکستان پر الزام لگانا نہ بھولے کہتے ہیں خطے میں 'پاکستان نے پراکسی  وار چھیڑ رکھی ہے۔