Wednesday, April 24, 2024

پاک وطن کے یوم آزادی کا جشن دنیا بھر میں منایا جارہا ہے

پاک وطن کے یوم آزادی کا جشن دنیا بھر میں منایا جارہا ہے
August 14, 2019
 نئی دہلی (92 نیوز) پاکستان کو دنیا کے نقشے پر آئے بہتر برس ہو گئے۔ پاک وطن کے یوم آزادی کا جشن دنیا بھر میں منایا جارہا ہے۔ بھارت، سعودی عرب اور روس میں پاکستانی سفارتخانوں میں پرچم کشائی کی پروقار تقاریب منعقد ہوئیں۔ دنیا بھر میں آباد پاکستانی کمیونٹی جوش و جذبے سے چودہ اگست کا جشن منارہی ہے۔ خوشی کے اس موقع پر کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ بھرپور اظہار یک جہتی بھی کیا جارہا ہے۔ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو یوم آزادی کے حوالے سے انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا ۔ ڈپٹی ہائی کمشنر سید حیدر شاہ نے سبز ہلالی پرچم سربلند کیا۔ بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلو بھی پیش کرکے خوب داد وصول کی۔ سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب ہوئی۔ قائم مقام سفیر بلال احمد نے سبز ہلالی پرچم بلند کیا۔ اس موقع پر فضا پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھی۔ روسی دارالحکومت ماسکو میں بھی پاکستانی سفارتخانے میں یوم آزادی کی پُروقار تقریب ہوئی۔ پاکستانی سفیر قاضی خلیل اللہ نے قومی ترانے کی گونج میں سبز ہلالی پرچم لہرایا۔ برادر ملک ترکی بھی خوشیوں میں شریک ہوا۔ انقرہ کی پہچان اتاکلے ٹاور سبز ہلالی پرچم میں رنگ گیا۔ ایک سو پچیس میٹر بلند عمارت پر مبارکباد کے پیغام کے ساتھ پاک ترک بھائی چارہ زندہ باد کا سلوگن بھی پیش کیا گیا۔  پاک وطن  یوم آزادی  جشن  دنیا  منایا چودہ اگست کی خوشیوں میں معروف سرچ انجن بھی کسی سے پیچھے نہیں رہا۔ گوگل نے اپنے ڈوڈل پر پشاور کے معروف باب خیبر کی تصویر لگائی ہے۔