Sunday, September 8, 2024

  پاک نیوی کا آپریشن ،مدد، کے تحت زیریں سندھ کے 3000سیلاب متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا

   پاک نیوی کا آپریشن ،مدد، کے تحت زیریں سندھ کے 3000سیلاب متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا
August 4, 2015
کراچی(92نیوز)پاکستان نیوی کی آپریشن ”مدد“ کے تحت زیریں سندھ کے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی کارروائیاں جاری۔پاک بحریہ کی ریسکیو ٹیموں نے گزشتہ24 گھنٹے کے دوران 3000 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق خیر پور میں قائم پاک بحریہ کی خیمہ بستی میں700 سے زائد افراد کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ جبکہ پاک بحریہ کے کمانڈر پاک میرینز کی زیر نگرانی پنوں عاقل میں 500 سے زائد راشن بیگز کی تقسیم  کی گئی ہے ،پاک بحریہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نیوی کے کمانڈر پاک میرینز،پی این ریسکیوکیمپ سکھر میں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لئے خصوصی طور پر مامور ہیں۔ کمانڈر پاک میرینز نے متاثرین سیلاب میں چھ ٹن امدادی اشیاءتقسیم کیں ہیں۔بدین ، خیر پور، سکھر، پنوں عاقل، لاڑکانہ، رانی پور، اور گمبیٹ میں تعینات پاکستان نیوی کی ٹیموں نے 4000سے زائد افراد کو محفوظ مقامات  تک منتقل کیا ہے۔ متاثرین سیلاب کو عارضی رہائش کی فراہمی کے لئے پاکستان نیوی کی طرف سے خیر پور میں خیمہ بستی کا قیام عمل میں لایا گیا ۔