Friday, March 29, 2024

پاک فوج ہرقسم کی دراندازی کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے: آرمی چیف

پاک فوج ہرقسم کی دراندازی کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے: آرمی چیف
May 27, 2016
لاہور(92نیوز)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج ہر قسم کی در اندازی کا جواب دینے کی بھر پور  صلاحیت رکھتی ہے، قوم تمام چیلنجز کا مل کر مقابلہ کریگی اور باہمی اتحاد سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ تفصیلات کےمطابق آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ  آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے نیول وار کالج لاہور کا دورہ کیا۔ نیول وار کالج میں ہونے  والی تقریب سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ  سمندری حدود کی حفاظت کیلئے پاک نیوی ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے،پاکستان نیوی کی دلیری اور قربانیوں  سے،  تاریخ بھری ہوئی ہے۔ اپنے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہر قسم کی دراندازی کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ مسلح افواج کو جنگ اور آپریشنل امور کی مہارت حاصل ہے۔ہماری تجربہ کار اور بہادر افواج کسی بھی مسئلے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا  کہ قوم تمام چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرے گی اور باہمی اتحاد سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو صوبے  میں  امن و امان کی صورتحال اور غیر ملکی ایجنسیوں کے نیٹ ورکس سے متعلق بریفنگ دی گئی۔انہوں نے تینوں افواج کے درمیان رابطے کو سراہااور اپنے  خطاب میں ملک اور فوج کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر گفتگو کی۔