Wednesday, April 24, 2024

پاک فوج کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے پر الطاف حسین کے خلاف ملک بھر میں مقدمات درج کر لئے گئے

پاک فوج کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے پر الطاف حسین کے خلاف ملک بھر میں مقدمات درج کر لئے گئے
July 15, 2015
لاہور(92نیوز)پاک فوج اوررینجرز کے خلاف  اشتعال انگیزتقریر کرنے  کے الزام میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف ملک بھر میں درجنوں ایف آر درج کر لی گئیں  صرف سرگودھا ڈویژن میں بیس مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایک طرف اسکاٹ لینڈ یارڈ اوراب دوسری طرف پاکستانی عوام،ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین بارہ جولائی کوایک اشتعال انگیز تقریر  کرنے کے الزام کے  بعد سے مقدمات کے وزن تلے دبے جا رہے ہیں،ملک بھرمیں پاک فوج سے محبت کرنے والے الطاف حسین کے خلاف ایک کے بعد دوسرا مقدمہ درج کروا رہے ہیں۔ سرگودھا کے مختلف تھانوں میں بیس مقدمات درج ہوئے ہیں، اسلام آبادمیں چارجبکہ سکھر، شکارپور اورکرک میں تین،تین مقدمات درج کئے گئے۔ جیکب آباد، لاڑکانہ،  مٹیاری، خیرپور، میرپور ماتھیلو، گھوٹکی، ٹنڈوالہ یار،دادو،ٹھٹھہ میرپور خاص، نوشہرو فیروز اور بدین میں مقدمات درج کئے گئے۔ گوجرانوالہ میں ستائیس درخواستیں دائر کی گئی ہیں،کوئٹہ، پشین، لورالائی اوربلوچستان کے دیگرشہروں میں بھی الطاف حسین کے خلاف شہریوں نے مقدمات درج کرائے ہیں۔ چمن ،کوہاٹ، مری،  ننکانہ صاحب، راجن پور اور مالاکنڈ میں شہریوں کی درخواستوں پر مقدمات درج کر لئے گئے ہیں لاہور میں الطاف حسین کے خلاف شہریوں کی درخواستوں پر ستوکتلہ  اور دیگر علاقوں  کے تھانوں میں سات مقدمات  درج کئے گئے ہیں۔ سکردو، مظفرآباد میں بھی قبائلی رہنماؤں کی مدعیت میں لیویز تھانے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرتے ہوئے مقدمات درج کر لئے گئے۔ مقدمات درج کرانے والوں میں سنی تحریک،  مسلم لیگ نون ،آل پاکستان مسلم لیگ، تحریک اہل سنت اور عام شہری شامل ہیں جبکہ کوئٹہ ،ملتان اور فیصل آباد میں بھی مقدمات کے اندراج کے لئے درخواستیں دائر کر دی گئی ہیں۔ مقدمات میں دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ نمبر چھ اورسات جبکہ  ایک سوبیس، اے ، بی ، ایک سو اکیس، ایک سوبائیس اورایک سوتئیس اے شامل ہیں دفعہ ایک سوترپن اورایک سوچوبیس کو بھی شامل مقدمات میں شامل کیا گیا ہے۔