Wednesday, May 1, 2024

پاک فوج کے آپریشن سے دہشتگردوں کی کارروائیاں صفر ہو گئیں ، ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کے آپریشن سے دہشتگردوں کی کارروائیاں صفر ہو گئیں ، ڈی جی آئی ایس پی آر
October 16, 2018
لندن ( 92 نیوز) لندن  میں  ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل آصف غفور نے  یونیورسٹی واروک میں خطاب  کرتے  ہوئے  کہا کہ پاک فوج کے آپریشن  سےدہشتگردوں کی کارروائیاں صفرہوگئیں، پاکستان کی خواہش ہےامریکاافغانستان میں مکمل امن آنےتک رہے۔   ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور ان دنوں برطانیہ کے دورے پرہیں، انہوں نے وارک یونیورسٹی کا دورہ کیا اور طلبا سے خطاب بھی کیا ۔  ان  کا کہنا تھا کہ  یو این مشن کے تحت فوجی دستے بھیج کر پاکستان عالمی امن کیلئے بھی گرانقدر خدمات دیتا ہے جس کو عالمی سطح پر سراہا بھی جا رہا ہے ، عالمی امن مشن میں افواج پاکستان کے 250 سے زائد جوان جام شہادت نوش کرچکے ہیں ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ چالیس برس سے پاکستان 2600 میل سے زائدلمبے بارڈر پر جنگ جیسی صورتحال سے دوچار ہے۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ باڑ جلد مکمل ہو تاکہ دوسری طرف سے شدت پسند عناصر داخل نہ ہوں ۔ میجر جنرل آصف غفور نے طلبا سے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے گہرے تاریخی مراسم ہیں ۔1979 کے بعد خطے میں سرد جنگ سے لیکر نائن الیون کے بعد شروع ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا۔ طلبا کے سوالوں کے جواب میں ڈی جی آئی ایس ہی آر نے کہا کہ پاکستان کا امن افغانستان  کے امن سے مشروط ہے ۔ پاکستان ہائی کمیشن کی پریس ریلیز کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ نذیر اور سعیدہ وارثی کے دعوت پر ہاؤس آف لارڈز اور ہاؤس آف کامن کا دورہ بھی کیا ۔جہاں پارلیمنٹرینز نے  دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔