Wednesday, April 24, 2024

پاک فوج کی بڑی کامیابی، ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی اطلاع

پاک فوج کی بڑی کامیابی، ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی اطلاع
March 23, 2015
خیبر ایجنسی (نائنٹی ٹو نیوز) پاک فوج کی دہشتگردوں کے خلاف بڑی کامیابی۔ وادی تیراہ میں زمینی اور فضائی مشترکہ کارروائی کے دوران کئی ہائی ویلیو ٹارگٹس مارے گئے۔ ملا فضل اللہ کی بھی ہلاکت کی اطلاع ملی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کو دہشت گردوں کے خلاف بڑی کامیابی خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں ملی۔ اس دوران کئی اہم اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ وادی تیراہ میں فضائی اور زمینی افواج کے مشترکہ آپریشن کے دوران مارے جانے والے دہشت گردوں میں کالعدم ٹی ٹی پی کا سربراہ ملا فضل اللہ بھی شامل ہے۔ ملا فضل اللہ پاک افغان سرحد عبور کرتے ہوئے فورسز کے نشانے پر آیا۔ سوات میں ملا ریڈیو کے نام سے مشہور ہونے والے ملا فضل اللہ نے دو ہزار دو میں کالعدم تحریک نفاذ شریعت کے امیر مولانا صوفی محمد کی گرفتاری کے بعد تنظیم  کی باگ ڈور سنبھالی۔ جس کے بعد فضل اللہ نے انتخابات میں خواتین کی جانب سے ووٹ کاسٹ کرنے کواسلامی تعلیمات کے منافی قراردیا۔ دوہزارسات میں پنتالیس سو شدت پسندوں کی معاونت سے فضل اللہ نے خیبرپختونخواہ کے کئی علاقوں میں متوازی حکومت قائم کر لی اور ایف ایم ریڈیو سٹیشن قائم کر کے شدت پسندی کی تعلیمات کا آغاز کیا۔ آرمی پبلک سکول پشاور سمیت ملک بھر میں دہشت گردی کے کئی واقعات کی ذمہ داری ملا فضل اللہ نے قبول کی تھی۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کی وجہ سے اس کے بھاگ کر افغانستان چلے جانے کی اطلاعات ملیں۔ فوج کی کارروائیوں کے دوران وہ کئی مرتبہ بال بال بچا۔ فضل اللہ کا تعلق سوات سے تھا اور وہ کالعدم تحریک نفاذ شریعت محمدی کے سربراہ مولوی صوفی محمد کا داماد تھا۔