Saturday, April 20, 2024

پاک فوج کی بلوچستان میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں ، آئی ایس پی آر

پاک فوج کی بلوچستان میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں ، آئی ایس پی آر
March 3, 2019
راولپنڈی (92 نیوز) بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں جبکہ برفباری نے بھی اکثر علاقوں کے زمینی رابطے منقطع کر رکھے ہیں جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔ آفت کے وقت میں پاک فوج امدادی کاررائیوں میں بھرپور حصہ لے رہی ہے ۔ بلوچستان میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور برف باری  کے باعث تباہی  کا سلسلہ جاری ہے ، مشکلات میں گھر ےافراد کو  بچانے کیلئے پاک فوج میدان میں آگئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے درہ خوجک،لکپاس ،اور شیلا باغ میں شدید برف باری کے باعث بند ہونے والا راستہ کھول کر ٹریفک بحال کردی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق زیارت میں شدید برف باری کے باعث بند کوئٹہ روڈ بھی کھول دیا گیا،جس سے آمدورفت بحال ہوگئی ہے۔ پاک فوج نے مکران،،لسبیلہ  اور برف باری سے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ بھی قائم کردیئے ہیں۔جب کہ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل عملہ بھی ابتدائی طبی امداد  میں مصروف ہے۔ پاک فوج نے لسبیلہ کے علاقے دوریج اور قلعہ عبداللہ  میں سیلاب میں پھنسے  1500خاندانوں کو بھی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے  محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے،جب کہ بارش سےمتاثرہ تین ہزار پانچ سو خاندانوں کو خوراک بھی فراہم کردی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے صوبائی وزرا کے ہمراہ طوفانی بارشوں سے متاثرہ اضلاع کا فضائی دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ ان کاکہناتھا کہ  حکومت ایمرجنسی بنیادوں پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے،قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور صوبے میں سیلاب کی تباہ کاریوں  سے آگاہ کیا،،جس پر وزیراعظم نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے، جب کہ تمام وفاقی اداروں کو بھی صوبائی حکومت کی مدد کی ہدایت کردی ہے۔