Friday, May 10, 2024

پاک فوج نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کا بھارتی الزام مسترد کر دیا

پاک فوج نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کا بھارتی الزام مسترد کر دیا
August 4, 2019
 راولپنڈی (92 نیوز) پاک فوج نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کا بھارتی الزام مسترد کر دیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے پاکستان کی جانب سے لاشیں قبضے میں رکھنے سے متعلق بھارتی پروپیگنڈا بھی جھوٹا ہے۔ بھارت دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے قتل عام سے ہٹانے کیلئے ایسا پروپیگنڈا کر رہا ہے۔ میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کا پاکستان پر ایل اوسی پار کارروائی اور لاشوں کو تحویل میں لینے کا الزام پروپیگنڈا ہے۔ https://twitter.com/OfficialDGISPR/status/1157717070538260480 اس طرح کے جھوٹ اور ڈرامے دنیا کو گمراہ کرنے کی بھارتی چالیں ہیں تاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے بڑھتے ہوئے مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹائی جاسکے۔ خیال رہے کہ بھارتی فوج کنٹرول لائن پر شہری آبادی کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنا رہی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت فوج نے 30 اور 31 جولائی کی رات وادی نیلم میں معصوم شہریوں کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنایا۔ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 4 سالہ بچے سمیت 2 افراد شہید اور 11 افراد شدید زخمی ہوئے جو مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔