Tuesday, May 21, 2024

پاک فوج نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، فردوس عاشق

پاک فوج نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، فردوس عاشق
October 21, 2019
لاہور (92 نیوز) پاک فوج نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا آئی ایس پی آر نے بھارت کا جھوٹا بیانیہ بے نقاب کیا، بھارت نے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ بلاول بھٹو کو عمران خان سے ذاتی عناد ہے، سندھ کے عوام بھوک اور افلاس سے دم توڑ رہے ہیں، مولانا نے اپنی بس میں پیپلزپارٹی کو پچھلی سیٹ پر بٹھا دیا، بلاول کو یقین نہیں آرہا لاڑکانہ سے بھٹو کا خاتمہ ہوگیا۔ معاون خصوصی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پوری قوم بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کےلئے تیار ہے، قومی بیاینے پر پوری قوم اکٹھی ہے۔ پوری قوم کشمیریوں کیلئے یوم سیاہ منانے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی جماعت پیپلزپارٹی اب مولانا کے تانگے سے لٹکی ہوئی ہے، اپوزیشن ملک کو معاشی عدم استحکام کی طرف لے جارہی ہے۔ مولانا فضل الرحمان خود کنفیوز ہیں، ابھی تک مارچ یا دھرنے کا فیصلہ نہیں کر پائے۔ معاون خصوصی بولیں کہ جمہوریت کے اندر اختلافات ہوتے رہتے ہیں، مولانا ایک طرف وزیر اعظم کا استفی مانگیں تو کیا انکی مولا جٹ والی بھڑکیں سنتے رہیں؟۔ پاکستان میں عمران خان مائنس کا کوئی آپشن نہیں ،آج جو عمران خان کا استفی مانگ رہا ہے وہ مودی کا ایجنڈا لیکر چل رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنی حکمت عملی بنا لی ہے،احتجاج کے ساتھ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، حکومت کسی کے احتجاج کے حق کو نہیں دبائے گی، اگر حکومت کو لٹھ برداری دکھائی جائے گی تو حکومت کارروائی کرے گی، عوام کے تحفظ میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔