Thursday, April 25, 2024

پاک فوج نے وہ کام کیا جو دنیا کی کسی فوج نے نہیں کیا ، میجر جنرل آصف غفور

پاک فوج نے وہ کام کیا جو دنیا کی کسی فوج نے نہیں کیا ، میجر جنرل آصف غفور
January 3, 2019
راولپنڈی (92 نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا پاک فوج نے وہ کام کیا جو دنیا کی کسی فوج نے نہیں کیا۔ آپریشن ردالفساد میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔ ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارت نے آج تک اپنے لوگوں کو سرجیکل اسٹرائیک کے ثبوت فراہم نہیں کیئے۔ بھارتی ڈرون بھی پاکستان میں داخل نہیں ہو سکتا ۔ مذاکرات سے فرار ہمیشہ بھارت نے اختیار کیا جبکہ امن کی بات پاکستان نے کی ۔ اتنی صلاحیت ہے کہ ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسائے ممالک  سے پرامن تعلقات کا خواہاں ہے تاہم بھارت میں ہمیشہ انتخابات پاکستان مخالف نعروں پر لڑے گئے جبکہ پاکستان میں بھارت کے نام پر کبھی سیاست نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کلبھوشن یادیو کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں چل رہا  ہے ۔ فیصلے کے بعد اس پر لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے افغانستان کے حوالے سے  کہا کہ افغانستان میں دیر پا امن کے خواہش مند ہیں ۔ افغانستان میں امن ہو گا تو پاکستان میں ہوگا ۔ گزشتہ چار دہائیوں میں افغانستان میں بہت تباہی ہوئی۔ فوج میں احتساب کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ احتساب کا  سب سے زیادہ سخت نظام فوج میں ہے ۔ 412 فوجی افسران کے خلاف نظم وضبط کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا الیکشن کے ذریعے تبدیلی آتی ہے، فوج کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں۔ پاک فوج کا ڈیفنس بجٹ 18.45 فیصد ہے۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز نے بڑی کامیابیاں حاصل کیں ۔ آپریشن ردالفساد میں اہم اہداف حاصل کئے ۔ آپریشن شیر دل دو ہزار آٹھ میں شروع کیا گیا ، پاک فوج نے وہ کام کیا جو کسی دوسری فوج نے نہیں کیا۔ انہوں نے کہا گزشتہ دو دہائیوں میں مشکل صورتحال سے گزرے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ بہت مشکل سفر تھا۔ کے پی اور فاٹا کے عوام نے دہشت گردی کا سامنا کیا۔ ملٹری کورٹس کے حوالے سے میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ملٹری کورٹس میں ٹوٹل سات سو سترہ کیسز فائل کئے گئے جن میں سے چھ سو چھیالیس فائنل ہوئے جبکہ تین سو پینتالیس کو سزائے موت سنائی گئی۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاک فوج کے زیر انتظام جتنے بھی منصوبے چل رہے ہیں اس میں ایک پیسہ بھی پاک فوج کا استعمال نہیں ہو رہا۔ ڈی ایچ اے میں بھی ڈیفنس بجٹ استعمال نہیں ہوتا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جتنا میڈیا پاکستان میں آزاد ہے اتنا کسی ملک میں نہیں ۔ عوام کا مورال بلند کرنے میں میڈیا نے پاک فوج کو بہت سپورٹ کیا ۔ سوشل میڈیا بڑی طاقت بن کر ابھرا ہے جبکہ اس میڈیا پر بہت زیادہ پروپروپیگنڈا بھی کیا جاتا ہے۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ آگے کا سفر جنگ سے بھی زیادہ مشکل ہے۔ اتحاد و اتفاق سے ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔ ہماری زندگیاں پاکستان کے لیے وقف ہیں، پاکستان کی سرحدوں اور اندورنی طور پر حفاظت کریں گے۔