Thursday, April 18, 2024

پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والا بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا

پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والا بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا
April 9, 2020
 راولپنڈی (92 نیوز) پاک فوج نے بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والا بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا۔ جنگی جنون میں مبتلا بھارت باز نہ آیا۔ لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزیاں جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی ڈرون لائن آف کنٹرول کے سنکھ سیکٹر میں فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی علاقے میں داخل ہوا۔ بھارتی کواڈ کاپٹر 600 میٹر پاکستانی حدود میں گھس آیا۔ پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز مسلسل فائر بندی انتظام 2003ء کی خلاف ورزی کر رہی ہیں۔ بھارتی فورسز کی روش طے شدہ طریقہ کار کی شدید خلاف ورزی ہے۔ بھارتی فورسز نے دوطرفہ طے شدہ  فضائی حدود کے معاہدے کی بھی خلاف ورزی کی۔ دوسری جانب اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے 23 مارچ 2020ء کو دنیا میں عالمی جنگ بندی کی اپیل کی ۔ اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفانے ڈوجیرک نے واضح کیا کہ عالمی جنگ بندی کا اطلاق لائن آف کنٹرول پر بھی یکساں ہوتا ہے۔ دنیا کا کوئی خطہ نہیں جہاں جنگ بندی مطالبے کا اطلاق نہ ہو۔ عالمی اپیل کے برعکس قابض بھارتی فورسز لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان بدستور بھارت کیخلاف سراپا احتجاج، اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کوشکایات درج کروا رہا ہے۔