Saturday, April 20, 2024

پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں عوام سڑکوں پر نکل آئے

پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں عوام سڑکوں پر نکل آئے
February 26, 2019
لاہور (92 نیوز) بھارت کی جانب سے پاکستانی فضائی  حدود کی خلاف ورزی کے بزدلانہ اقدام کے خلاف اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے  ملک بھر میں عوام سڑکوں پر نکل آئے ۔ گوجرانوالہ  میں جماعت اسلامی  نے گوندلانوالہ چوک میں بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا ۔ اس موقع پر عوام نے جنگی جنون میں مبتلا بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا پتلا نذر آتش کیا اور ہر قسم کے حالات میں اپنی فوج پر مکمل اعتماد کااظہار کیا۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے حملے کی غلطی کی تو ایسا جواب دیا جائے گا کہ اس کی آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی ۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں  ڈسٹرکٹ بار کے وکلاء نے بھارتی بزدلانہ اقدام پر ریلی نکالی ۔  ریلی کی قیادت صدر ڈسٹرکٹ بار چودھری تنویر نے کی ۔ وکلاء کا کہنا تھا کہ عوام امن وجنگ  ہر قسم کے حالات میں اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑے ہیں ، نریندر مودی جارحانہ اقدامات سے باز رہیں ورنہ تباہی بھارت کا مقدر بن جائے گی ۔ مظفر آباد میں بھی وکلاء برادری کی جانب سے بھارتی اقدام کی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ پاکستان کے عوام بھارتی گیدڑ بھبکیوں  سے ڈرنے والے نہیں ،  بھارت اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتا ۔ سوات میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی  اور مودی کے خلاف نعرے لگائے گئے ۔کرک میں بھی  تحصیل چوک سے صدام چوک تک شہریوں نے پیدل مارچ کیا ۔