Tuesday, May 7, 2024

پاک فضائیہ کے ہرکولیس سی 130 نے رائل ایئرٹیٹو شو 2018 میں وطن کا نام روشن کر دیا

پاک فضائیہ کے ہرکولیس سی 130 نے رائل ایئرٹیٹو شو 2018 میں وطن کا نام روشن کر دیا
July 16, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) پاک فضائیہ نے قوم کا سرفخر سے بلند کر دیا۔ برطانیہ کے رائل ایئر فورس بیس فیر فورڈ، پر 3روزہ"بین الاقوامی رائل ایئر ٹیٹو شو" 2018ء میں پاکستانی سی ون تھرٹی طیارے نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ دنیا بھر سے نمائش میں شریک 300 طیاروں میں دوسری پوزیشن کا حصول بڑی کامیابی ہے۔ پاک فضائیہ کے نمبر 6 ٹرانسپورٹ اسکواڈرن کاسی ون تھرٹی ہرکولیس طیارہ بھی رائل ایئر ٹیٹو شو کا حصہ تھا۔ طیارے کو سبز ہلالی اور فضائیہ کے پرچموںاور فضائیہ کی تاریخ سے مزین کیا گیاتھا۔ طیارے نے خوبصورت ، پرکشش اور جازب نظر رنگوں اور مصورانہ شاہکار کے باعث حاضرین کے دل موہ لیے۔ اِنہیں منفرد خصوصیات کے باعث پاک فضائیہ کی ٹیم 300طیاروں میں دوسری پوزیشن پررہی ۔ پاک فضائیہ کے سی ون تھرٹی طیارے نے 2016ء میں پہلی پوزیشن لیکر” کنکرز ڈی ایلیگنس ٹرافی“ جیتی تھی۔ برطانیہ کے سرکاری دورے پر موجود سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ائیر شو میں حصہ لینے والے ہرکولیس طیارے کا معائنہ کیا۔ مقابلے میں پاک فضائیہ کی شاندار کارکردگی اور وطن عزیز کا نام سر بلند کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا یہ عظیم کامیابی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت پہلوکو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔ پاک فضائیہ ہر محاذ پر فاتح رہی ہے ۔ فضاﺅں کے محافظ ہمیشہ سبز ہلالی پرچم کی سربلندی کاموجب رہے ہیں ۔