Thursday, March 28, 2024

پاک فضائیہ کے پہلے پاکستانی سربراہ اصغر خان انتقال کر گئے

پاک فضائیہ کے پہلے پاکستانی سربراہ اصغر خان انتقال کر گئے
January 5, 2018

اسلام آباد(92 نیوز) پاک فضائیہ کے پہلے پاکستانی کمانڈر اِن چیف ائیر مارشل اصغر خان انتقال کر گئے۔ ان کی عمر ستانوے برس تھی۔

تفصیلات کے مطابق، پاک فضائیہ کے پہلے پاکستانی سربراہ اصغر خان 17 جنوری 1921ء کو جموں  میں پیدا ہوئے۔

وہ 1936ء میں رائل انڈین ملٹری کالج میں تعلیم حاصل کی۔ 1940ء میں گریجویشن کی اور اسی سال کے آخر میں نویں رائل دکن ہارس میں کمیشن افسر مقرر ہوئے۔

35 سال کی عمرمیں پاک فضائیہ کے پہلے پاکستانی سربراہ بنے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ سیاست سے وابستہ ہوگئے۔

تحریک استقلال کے نام سے سیاسی جماعت بھی بنائی۔ ان کی نماز جنازہ بروز ہفتہ نواں شہر ایبٹ آباد میں ادا کی جائے گی۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ، ائیر چیف نے کہا ائیر مارشل اصغر خان نے انتہائی جانفشانی اور بہادری سے ایک نو زائیدہ ائیر فورس کی قیادت کی۔

ائیر مارشل اصغر خان نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت پاک فضائیہ کو جدید فضائی قوت بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ ائیر مارشل اصغر خان اعلی کردار ، غیر معمولی پیشہ وارانہ صلاحیت اور غیر متزلزل عزم کے پیکر تھے۔