Sunday, September 8, 2024

پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان نے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کی قیادت سنبھال لی، دہشتگردوں کے کئی ٹھکانے تباہ

پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان نے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کی قیادت سنبھال لی، دہشتگردوں کے کئی ٹھکانے تباہ
August 22, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان نے دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کی قیادت خود سنبھال لی۔ شیر دل شاہینوں کی ایک فارمیشن کی کمانڈ کرتے ہوئے دہشتگردوں کے کئی ٹھکانے تباہ کر دیئے۔ دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے جاری آپریشن ضرب عضب کے فیصلہ کن مرحلے میں بری فوج کے ہمراہ پاک فضائیہ کے شاہین دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا اہم مشن انجام دے رہے ہیں اور اس مرحلے میں دہشتگردوں کے مکروہ عزائم کچلنے کیلئے شاہینوں کی قیادت ایئرچیف سہیل امان نے خود سنبھال لی ہے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے پاک فضائیہ کے ایک فارورڈ آپریٹنگ بیس سے لڑاکا طیاروں کی ایک فارمیشن کے ساتھ اڑان بھری اور دہشت گردوں کے ٹھکانے اور ڈپو نیست ونابود کر ڈالے۔ اس موقع پر ائیر چیف نے فضائی اور زمینی عملے سے ملاقات بھی کی اور ان کی ملکی خدمات کو سراہا۔ ایئر چیف نے افسروں اور جوانوں کے پُرجوش عزم اور حوصلے کی داد دی۔ انہوں نے پاک فضائیہ کے عظیم جنگجو ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ ایئر چیف مارشل کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے پینسٹھ کی جنگ میں مؤثر کردار ادا کیا۔ ضربِ عضب میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ پاک فضائیہ مستقبل میں بھی ایک ناقابل تسخیر اور مؤثر قوت ثابت ہو گی۔ پاک فضائیہ آپریشن ضرب عضب اور شوال آپریشن میں کلیدی کردار ادا کرتی رہی ہے۔ فضائی کارروائیوں میں سینکڑوں دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کیساتھ ساتھ ان کے متعدد ٹھکانے تباہ کئے گئے۔ چھے اگست کو پاک فضائیہ نے کارروائی کر کے تیس دہشتگرد ہلاک کئے جبکہ ان کے چھے ٹھکانے بھی تباہ کئے گئے۔ چند روز قبل بھی شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں فضائی کارروائی کے نتیجے میں تینتالیس دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی کے دوران غرالہ مئی میں اٹھائیس جبکہ شوال میں پندرہ دہشت گرد مارے گئے۔ شجاع خانزادہ کی شہادت کے بعد صرف چار دنوں میں فضائی کاروائیوں میں سو سے زائد دہشت گرد ہلاک کئے گئے۔