Friday, April 19, 2024

پاک فضائیہ کے 60 افسروں اور 166 ایئرمینز کا تربیتی کورس مکمل

پاک فضائیہ کے 60 افسروں اور 166 ایئرمینز کا تربیتی کورس مکمل
December 22, 2015
کلرکہار (92نیوز) پاک فضائیہ کے ساٹھ افسروں اور ایک سو چھیاسٹھ جوانوں نے انسداد دہشت گردی کا تربیتی کورس مکمل کر لیا۔ اس حوالے سے کلر کہار میں تقریب منعقد ہوئی۔ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ جنگ مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے 60 افسران اور 166 ائیرمین نے انسداد دہشت گردی کا تربیتی کورس مکمل کرلیا۔ سروسز ونگ کلر کہار میں ہونے والی تقریب میں جوانوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔ تقریب میں ایئر چیف سمیت دیگر اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر تربیت مکمل کرنے والے جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت کا عملی مظاہرہ کیا اور خوب داد وصول کی۔ ائیر چیف سہیل امان نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ پر امن قوم ہیں اور پر امن طریقے سے رہنا چاہتے ہیں۔ اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ائیر چیف نے تربیتی کورس مکمل کرنے والی خواتین افسران کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ ائیر چیف نے فائرنگ رینج میں جا کر جدید ہتھیاروں سے فائرنگ کا مظاہرہ بھی کیا اور تربیتی کورس مکمل کرنے والوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔