Thursday, April 18, 2024

پاک فضائیہ کی شان جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری کی تیاری آخری مراحل میں داخل

پاک فضائیہ کی شان جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری کی تیاری آخری مراحل میں داخل
March 12, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) پاک فضائیہ کی شان جے ایف 17تھنڈر بلاک تھری کی تیاری اخری مراحل میں داخل ہو گئی۔ چیف ڈیزائنر یانگ کے مطابق جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری سے جنگی مہارت میں اضافہ ہو گا۔ جے ایف 17 بلاک تھری عالمی منڈیوں میں موجود چوتھی جنریشن کے لڑاکا طیاروں کا ہم پلہ ہو گا اور جزوی طور پراسٹیلتھ خوبیوں سے بھی لیس ہو گا۔ بلاک تھری کی کامیاب تیاری سے پاک فضائیہ کو پانچویں جنریشن کے طیاروں کی جانب پیشرفت میں بھی مدد ملے گی۔ جے ایف 17 تھنڈر کے جدید ترین ورژن بلاک تھری چوتھی نسل کے لڑاکا طیاروں سے بھی زیادہ جدید ہے اور یہ اپنی صلاحیتوں میں امریکی ایف 16، ایف 18 اور ایف 15، روس کے سخوئی 27 اور فرانس کے میراج 2000 جیسے مشہور لڑاکا طیاروں تک کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ جے ایف 17 بلاک 3 کا انجن زیادہ طاقتور ہو گا جس کی بدولت یہ آواز کے مقابلے میں دوگنی سے بھی زیادہ رفتار سے پرواز کر سکے گا۔ اسٹیلتھ خوبیوں کی بدولت دشمن ریڈار کی نظروں سے بچنے میں بھی مدد ملے گی۔ جے ایف 17 بلاک 3 ایسے جدید ترین ریڈار اے ای ایس اے ریڈارسے بھی لیس ہو گا جسے جام کرنا دشمن کے فضائی دفاعی نظام کیلئے انتہائی مشکل ہوگا۔ پائلٹ کا ہیلمٹ جدید ٹیکنالوجی کا شاہکار ہو گا جو طیارے کے اطراف سے بہتر واقفیت کے علاوہ ہتھیاروں پر بہترین کنٹرول کی صلاحیت بھی دیگا۔ جے ایف 17 تھنڈر بلاک 3 میں طویل فاصلے پر موجود زمینی اہداف کا بہتر نشانہ لینے کیلئے ٹارگٹنگ پوڈ بھی اضافی طور پر نصب ہے جبکہ اسے زمینی یا فضائی اہداف کو ان سے خارج ہونے والی گرمی کی بنیاد پر شناخت کرنے اور نشانہ باندھنے والے نظام آئی آر ایس ٹی سے بھی لیس کیا گیا ہے۔ اپنے بلاک 2 ورژن کی طرح جے ایف 17 بلاک 3 میں بھی دورانِ پرواز ایندھن بھروانے کی سہولت ہو گی۔