Monday, September 16, 2024

پاک سری لنکاتجارت ایک ارب ڈالرتک بڑھانے پر اتفاق

پاک سری لنکاتجارت ایک ارب ڈالرتک بڑھانے پر اتفاق
April 6, 2015
اسلام آباد(ویب ڈیسک)پاکستان اورسری لنکا کا باہمی تجارت ایک ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق، دونوں ممالک نے توانائی، کھیل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے۔ وزیراعظم نوازشریف کہتے ہیں کہ تمام ہمسایوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں۔ پاکستان اورسری لنکا کے درمیان وفود کی سطح کے مذاکرات وزیراعظم آفس میں ہوئے۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم نواز شریف نے کی جبکہ سری لنکن وفد میتھری پالا سری سینا کی سربراہی میں شریک ہوا۔ سری لنکن صدراوروزیراعظم نواز شریف کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔ دونوں ممالک نے باہمی تجارت  ایک ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ توانائی، ڈیزاسٹر مینیجمنٹ، کھیل، سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کی چھ یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔ مذاکرات کے بعد مشترکہ میڈیا بریفنگ میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کا اہم علاقائی اور عالمی امور پر يکساں مؤقف ہے۔ سری لنکا پہلا ملک تھا جس کے ساتھ پاکستان نے آزاد تجارت کا معاہدہ کيا۔ سری لنکن صدر کے ساتھ دفاعی شعبے ميں تعاون پر بات چيت ہوئی۔ تمام ہمسايہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہيں دونوں ملکوں کا سمجھوتوں پر دستخطوں سے تعاون کو فروغ ملے گا۔ سری لنکن صدر نے پاکستان کے دورے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ مشکل وقت ميں ساتھ دينے پر پاکستان کے شکر گزار ہيں اس سے پہلے وزیراعظم ہاؤس آمد پر سری لنکا کے صدر کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ تینوں مسلح افواج کے ایک چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا، اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ وزیراعظم نے سری لنکا کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔