Thursday, April 18, 2024

پاک سری لنکا پہلے ٹیسٹ کا تیسرا روز بارش اور خراب روشنی سے متاثر

پاک سری لنکا پہلے ٹیسٹ کا تیسرا روز بارش اور خراب روشنی سے متاثر
December 13, 2019
راولپنڈی (92 نیوز) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے تیسرا روز بارش اور خراب روشنی کی نذر ہوگیا۔ آج صرف پانچ اعشاریہ دو اوورز کا ہی کھیل ممکن ہو سکا، سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنا رکھے ہیں۔ پنڈی ٹیسٹ ڈراکی جانب گامزن ہوگیا۔ تیسرے روز سری لنکن بلے باز نے مجمو عی سکور میں 19رنز کا اضافہ کیا۔ دھنن جیا ڈی سلوا 87 رنز جبکہ دلروان پریرا 6 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ شاہینوں نے وقفوں کے دوران شائقین کی خوب دلجوئی کی ،انہیں آٹو گراف دئیے اور انکے ساتھ تصاویر اور سیلفیز بھی بنوائیں۔ اس سے قبل پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز بار بار بارش کی مداخلت کے باعث صرف 15 اوورز کھیلے گئے۔ سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنا لیے۔ پنڈی ٹیسٹ میچ کے دوسرے روزکھیل شروع ہوا تومہمان ٹیم سری لنکا نے پہلے روز کے مجمو عی سکور میں 20 رنز کا اضافہ کیا تھا کہ بارش شروع ہوگئی، جب کھیل کو روکا گیا تو سری لنکا نے 5 وکٹوں پر 222 رنز بنائے تھے۔ بارش روکنے پر کھیل دوبارہ شروع کیا گیا لیکن ایک مرتبہ پھر بارش نے مداخلت کی اور کھیل کو روکنا پڑا۔ پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روزجب دوسری مرتبہ کھیل روکا گیا اس موقع پر سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنا رکھے تھے۔ ڈی سلوا 72 اور دلروان پریرا 2 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے 2۔2 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے کھیل ختم ہونے پر پانچ وکٹوں پر 202 رنز بنائے تھے۔ سری لنکن اوپنرز نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے 96 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ سری لنکن کپتان کرونارتنے 59 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر آﺅٹ ہوئے۔ دوسرے سیشن میں پاکستانی باﺅلرز نے کچھ مزاحمت دکھائی اور سری لنکن ٹیم کے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اوشاڈا فرنینڈو 40 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے۔ عثمان شنواری نے کوشال مینڈس کی اننگز 10 رنز پر ختم کر دی۔ دنیش چندیمل محض دو رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ اینجلو میتھیوز اور دھننجایا ڈی سلوا نے 127 رنز پر 4 کھلاڑیوں کے پویلین لوٹنے پر 62 رنز کی شراکت داری کی۔ 189 رنز کے مجموعی اسکور پر اینجلو میتھیوز 31 رنز بنا کر نسیم شاہ کے ہاتھوں آﺅٹ ہوئے۔ پہلے روز کا کھیل بھی خراب روشنی کے باعث جلد ختم کر دیا گیاتھا۔ جب کھیل ختم کیا گیادھنن جایا ڈی سلوا 38 اور ڈک ویلا 11 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔